News Details
19/09/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید فعال ، دیرپا اور مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید فعال ، دیرپا اور مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ مقامی حکومتوں کے نظام میں جو کمزوریاں ہیں اُن کو دور کیا جائے گااور ان کو عوام دوست اور لوگوں کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ وہ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان اور شہرام ترکئی سے منعقدہ ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بات چیت کررہے تھے ۔ اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مقامی حکومت کے نظام میں مزید بہتری لانے ، نوجوانوں کے مسائل اور اُنہیں سہولیات فراہم کرنے ، صوبے میں ٹوارزم کی ترقی کے ذریعے بیروزگار نوجوانوں کیلئے بڑے پیمانے پر روزگا ر کی فراہمی سمیت صوبے بھر میں کھیلوں اور تفریحی سہولیات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں مقامی سطح پر لوگوں کو ریلیف دینے اور حکمرانی کا اچھا ماڈل متعارف کرانے سے متعلق مزید تجاویز بھی سامنے آئیں۔ اجلاس میں ٹوارزم کی ترقی ، نوجوانوں کیلئے خود روزگار سکیم اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ مقامی سطح پر حکمرانی کے نظام کو نہ صرف مضبوط بنایا جائے گا بلکہ اسے عوام دوست بھی بنایا جائے گا جس کے ذریعے نچلی سطح پر ترقیاتی عمل مربوط ہو گا اور مسائل حل ہوں گے ۔ ہمیں نچلی سطح پر جا کر عوامی مسائل کے حل تلاش کرنے ہیں کیونکہ لوگوں کے زیادہ تر مسائل مقامی نوعیت کے ہوتے ہیں اور وہاں پر حل ہونے چاہئیں۔ حکومت تیز تر ریلیف کیلئے نظر آنے والے اقدامات کرے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں ٹوارزم کو ترقی دی جائے گی تاکہ یہ صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے ۔ ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداہوں ۔ حکومت نوجوانوں سمیت عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں رکاوٹیں دو ر کرے گی ۔ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کو صوبے بھر میں فروغ دیا جائے گا۔