News Details
18/09/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چکدرہ کے قریب ظلم کوٹ کے مقام پر صوبائی حکومت کے زیر تعمیر میگا پراجیکٹ سوات موٹر وے کی ٹنل کا افتتاح کیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چکدرہ کے قریب ظلم کوٹ کے مقام پر صوبائی حکومت کے زیر تعمیر میگا پراجیکٹ سوات موٹر وے کی ٹنل کا افتتاح کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ ہماری سابق صوبائی حکومت نے 34ارب روپے کی خطیر لاگت سے اس فلیگ شپ منصوبے پر کام شروع کیا تھا جو اس وقت کاٹلنگ تک تقریبا پچاس کلو میٹر مکمل ہو چکا ہے دسمبر تک منصوبے کی چکدرہ تک تعمیر مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھولنے کی بھرپور کوشش کریں گے سیاحت و تجارت کے حوالے سے یہ ایک انقلابی منصوبہ ہے جسکی تکمیل سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سوات موٹر وے کے دورہ کے دوران بخشالی کے مقام پر میڈیا سے گفتگو اور ظلم کوٹ کے مقام پر ٹنل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، صوبائی حکومت کے ترجمان ایم پی اے شوکت یوسفزئی، ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک ،کمشنر ملاکنڈ سید ظہیر السلام اور دیگر سول و ملٹر ی حکام نے تقریب میں شرکت کی،وزیر اعلیٰ نے کرنل شیر خان انٹر چینج سے بخشالی تک بذریعہ روڈ جبکہ بخشالی سے ظلم کوٹ تک منصوبے کا فضائی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او نے وزیر اعلیٰ کو منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دسمبر تک موٹر وے کو عام ٹریفک کیلئے کھولنے کیلئے تیار کیا جائے انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی صوبائی حکومت کی طرف سے اپنے وسائل سے تعمیر کیا جانے والا پہلا منصوبہ ہے،اس منصوبے کی تکمیل سے ملاکنڈ ڈویثرن سیاحتی حب بن جائے گا اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے،80کلومیٹر طویل اس منصوبے پر کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی سے چکدرہ تک سات انٹر چینجز تعمیر کئے جا رہے ہیں جنکی وجہ سے قرب و جوار کے درجنوں دیہات ترقی کیلئے کھل جائیں گے ۔ محمود خان نے موٹر وے کی تعمیر کیلئے اراضی کی فراہمی پر اہل علاقہ کی قربانی کو سراہا انہوں نے یقین دلایا کہ چکدرہ انٹر چینج کی اراضی کے مالکان کو بہت جلد معاوضے دیئے جائیں گے یہ عوام کی فلاح کا منصوبہ ہے جسکی تکمیل سے تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا انہوں نے کہا کہ ہم ترقی سے محروم علاقوں کی خوشحالی و ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،انہوں نے موٹر وے کے قریب دیودار کا پودا بھی لگایا اور موٹروے کے اردگرد شجرکاری مہم تیز کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے موٹر وے کے ساتھ ریسٹ ایریاز ، مساجد اور مارکیٹوں کی تعمیر بھی شروع کرنے کی ہدایت کی ۔محمود خان نے اس موقع پر زیر تعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو بھی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ ہماری سابق صوبائی حکومت کا دور ختم ہونے کے بعد بعض مسائل کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر ہوئی تاہم موجودہ صوبائی حکومت منصوبے پر پیش رفت اور معیار کی با قاعدگی سے مانیٹرنگ کر رہی ہے ، ہماری کوشش ہے کہ پشاور کی ترقی و خوبصورتی کے حامل اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے ۔