News Details

09/09/2018

ڈسٹرکٹ بار سوات کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے ڈسٹرکٹ بار سوات کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت پسماندہ اضلاع کے مسائل پر خصوصی توجہ دے گی، عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے ترقیاتی حکمت عملی میں جاری سکیموں کی تکمیل پہلی ترجیح ہے ہم نے عوام کی توقعات کے مطابق پہلے بھی ڈیلیور کیا ہے اور آئندہ بھی عوامی فلاح کیلئے بھر پور اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار سوات کے صدر اختر منیر ایڈوکیٹ کی سربراہی میں نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے ملاقات کی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے محمود خان کو خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ بننے پر ڈسٹرکٹ بار اور سوات کے عوام کی طرف سے مبارکباد دی اور انہیں بار کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، وفد نے وزیر اعلیٰ کو بار ایسوسی ایشن اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور مسائل تحریری صورت میں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پسماندہ اضلاع کے اداروں اور عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، عوام نے اپنے مسائل کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا وہ عوامی توقعات کے مطابق ڈیلیور کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے اور پسماندہ اضلاع کی تکالیف ترجیحی بنیادوں پر دور کریں گے۔سوات میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے تاہم ان کی حکومت اس مسئلے سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کرے گی۔ اس سلسلے میں مختلف قابل عمل آپشنز موجود ہیں جن کو استعمال کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ لوڈ شیڈنگ کے مستقل حل کیلئے سسٹم کی مرمت و بحالی ضروری ہے، پہلے سے موجود کمزور سسٹم بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں، انہوں نے نواز شریف کڈنی ہسپتال منگلور میں ڈائلائسز کی بندش کے معاملے کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ وفاقی حکام سے بات کرکے مسئلہ حل کرنے کا یقین دلایا۔