News Details

08/09/2018

و زیر اعظم پاکستان عمران خان کے ڈیم کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے قوم کے نام پیغام کو خوش آمدید

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے و زیر اعظم پاکستان عمران خان کے ڈیم کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے قوم کے نام پیغام کو خوش آمدید کہا ہے اور صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، انہوں نے یہاں سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، اگر پانی کے تحفظ کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل قریب میں قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر نئے ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں بد ستور کام کر رہی ہے، انہوں نے صوبے کے عوام سے بھی کہا کہ وہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈنگ میں حصہ لیں ، صوبے کے عوام عموماً اور مخیر حضرات خصوصاً اپنی استطاعت کے مطابق اس کار خیر میں اپنا حصہ لازمی ڈالیں کیونکہ یہ آنے والی نسل کی بقاء کا سوال ہے، انہوں نے کہا کہ ہم آبی ذخائر کی تعمیر کے سلسلے میں مزید غفلت اور تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے، ہم سب کو مل کر ڈیمز کی تعمیر کے پلان کو عملی جامہ پہنانا ہے۔