News Details

06/09/2018

پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر1965 ؁ء کی جنگ بڑی اہمیت کی حامل ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر1965 ؁ء کی جنگ بڑی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس جنگ میں کامیاب فتح حاصل کرکے افواجِ پاکستان نے اپنی بہادری کا لوہا منوایا اور دشمن کو مثالی شکست دی۔ ہمارے شہداء اور غازیوں نے جرأت اور بہادری کی داستان رقم کی۔ یہ شاندار کامیابی اُن کے غیر متزلزل ارادوں، پختہ عزم، نڈر قیادت اور سب سے بڑھ کر جذبہ ایمانی کا نتیجہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ائیر فورس بیس پشاور میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ائیر وائس مارشل سرفراز خان ائیرآفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ، ائیر کموڈور ناصر جنجوعہ، ائیر فورس کے سابقہ اور موجودہ اعلیٰ افسران اور دیگر اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی بقا و سلامتی کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک افواج کے جوانوں خصوصاً 6 ستمبر 1965 ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کی شاندار تقریب میں شمولیت ان کیلئے باعث مسرت ہے۔ 1965 ؁ء کی جنگ کے دوران افواج پاکستان اور پوری قوم کے اُن احساسات و جذبات کو آج بھی محسوس کر سکتے ہیں جن کی وجہ سے آج ہم آزاد و خود مختار ہیں اور ہمارا سر فخر سے بلند ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج بحیثیت ایک قوم ہمیں افواجِ پاکستان کے اُن بہادر ہیروز کی بہادری سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے قومی سا لمیت کو درپیش خطرات کا نہ صرف جواں مردی سے مقابلہ کیا بلکہ اپنے خون سے جرات اور حب الوطنی کی زندہ و جاوید مثال قائم کر دی ۔ دشمن کے خلاف ہمارے جوانوں کی کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ وہی ہمارے جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے صحیح معنوں میں محافظ ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ نے وطن کی ہر پکار پر لبیک کہا، چاہے وہ 1965 ؁ء کی جنگ ہو یا آج دہشت گردی کے خلاف جاری سکیورٹی آپریشنز ۔ اُنہوں نے ہمیشہ اپنی بہادری کا سکہ جمایا اور ثابت کیا کہ وہی پاکستان کی فضائی حدود کے رکھوالے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی تقریبات دراصل زبردست خراجِ تحسین ہے، اُنہی جانبازوں اور جانثاروں کے لئے جو 1965 ؁ء کی جنگ کے دوران تاریخ میں بہادری اور قربانی کے ناقابل فراموش نقوش ثبت کر گئے۔ یقیناًیہی ہمارے ہیروز ہیں یہی ہماراسرمایہ افتخار ہے اور یہی ہماری آنے والی نسلوں کے لئے حوصلے ، ہمت ، حب الوطنی اور قربانی کی روشن مثالیں ہیں۔ بحیثیت قوم ہمیں ہمیشہ اُن بہادروں کے کارہائے نمایاں پر فخر رہے گا اور وہ ہمارے دلوں میں سدا زندہ رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر نمائش میں رکھے گئے جنگی آلات اور سامان کا معائنہ بھی کیا انہوں نے کہا کہ نمائش میں رکھے گئے طیارے اور ہمارے دفاع کو یقینی بنانے والے یہ جنگی آلات، ہماری نوجوان نسل کے اعتماد کو مزید پختہ بنانے کا ذریعہ ہیں۔ یہ نمائش اس امر کی غماز ہے کہ ہم نے آزادی کے بعد یہ سفر نہایت کم جنگی آلات کے ساتھ شروع کیا تھا ۔ پچھلی چند دہائیوں میں ہم نے ترقی کرکے بلند مقام کو چھو لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی یہ نمائش اور یہ تقریب قابل داد و ستائش ہے۔ یہ نمائش اس بات کی دلیل ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف اپنی پیشہ وارانہ قابلیت میں کسی سے کم نہیں بلکہ اپنی تہذیب و ثقافت کے فروغ میں بھی پیش پیش ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ پاکستان کی دفاعی افواج کو وہ طاقت اور جذبہ عطا کرے کہ جس کو بروئے کار لاکر وہ یونہی فرائض منصبی کو بہتر سے بہتر طریقے سے ادا کرتے رہیں اور قوم و ملت کی اُمیدوں پر پورے اُتریں۔ اس موقع پر ائیر وائس مارشل سرفراز خان نے وزیراعلیٰ کو سوینئیر بھی پیش کیا ۔