News Details
06/09/2018
6 ستمبر1965 کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کی سا لمیت کو ممکن بنایا تھا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ 6ستمبر1965 کو پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر1965 کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کی سا لمیت کو ممکن بنایا تھا۔ا اور دشمن پر واضح کردیا تھا کہ اگر ہم اسلام دشمن قوتوں کی شدید مزاحمت کے باوجود آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو اس آزادی کی حفاظت کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستانی قوم اپنی نظر یا تی وجغرافیائی حدود کی حفاظت کیلئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔یوم دفاع و شہداء 6 ستمبر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے قیام پاکستان کے عظیم مقصد اور بعدازاں پاکستان کی بقا و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا آج بھی ہمیں اسی جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں ایک نیا جذبہ پیداکرتی ہے اور دنیا اس بات کو مان لے کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت ، ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے گذشتہ پانچ سالہ دور میں بھرپور کوشش کی کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے اقدامات کرے جس کے ثمرات دوررس ہوں۔یہی وجہ ہے کہ نہ صرف خیبرپختونخوا کے عوام نے ایک بار پھر بلکہ پورے ملک کے عوام نے عمران خان کی جرات مندانہ قیادت اوران کی پر خلوص نیت کو سامنے رکھتے ہوئے ان پر بھر پور اعتماد کیا ہے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو مزید مضبوط اور اس کے دفاع کو ناقابل شکست بنائیں گیاور اقوام عالم کی نظر میں پاکستان کی عزت اور مقام بحال کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبہ خیبر پختونخوا کی پولیس، دیگر سیکورٹی فورسز ، اے پی ایس کے طالب علموں اور عوام و خواص نے قومی سلامتی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے اندرونی اور بیرونی دشمنوں پر کڑی نگاہ رکھنی چاہئے جو ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ من حیث القوم ہمیں یہ عہد کرناہے کہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفادات کو ترجیح دیں گے اور اپنے ملک کی حفاظت اور اس کے پرچم کو بلند رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔