News Details
01/09/2018
شعبہ زراعت میں تبدیلی کے ذریعے صوبائی معیشت کو استحکام دینے کے عزم
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں غریب کسانوں اور عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے اور شعبہ زراعت میں تبدیلی کے ذریعے صوبائی معیشت کو استحکام دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں شعبہ زراعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں زراعت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، آئی ٹی سپیشلسٹ محمد شاہ، ڈاکٹر ساجد علی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر زیر کاشت زمین کی پیداوار میں اضافے، قابل کاشت مگر غیرمستعمل زمین کو زرعی مقاصد کیلئے استعمال میں لانے اور زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈنگ کے ذریعے خیبرپختونخوا کی معیشت کو بہتر کرنے کے وژن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تاکہ خوشحال خیبر پختونخوا کا مقصد پورا ہو سکے۔ اجلاس میں مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے زرعی جامعات ، ریسرچ سٹیشن اور ایکٹنیشن سسٹم کے مابین رابطے مضبوط کرنے، زیادہ سے زیادہ زمین کو زیر کاشت لا نے ، زراعت کے شعبے میں نوجوانوں خصوصاً خواتین کو مضبوط کرنے، زمینداروں کے ساتھ کو آپریٹو سسٹم شروع کر نے ، زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈنگ ، صوبے میں اپنی سیڈ انڈسٹری کے قیام، قیمتی پودوں کی شجرکاری، ایگرو فارسٹری کی حوصلہ افزائی، زراعت سے متعلق سی پیک پراجیکٹس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیلئے حکمت عملی کی تشکیل اور نئے سات اضلاع میں زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے سمیت متعدد اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے معیشت کی بہتری کیلئے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا اور ان پر عمل درآمد کیلئے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے کو درپیش مسائل حل کرے گی اور زراعت کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی ۔