News Details

31/08/2018

عارف علوی کی کامیابی کیلئے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے پی ٹی آئی کے سنیٹرز اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس

پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کی کامیابی کیلئے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے پی ٹی آئی کے سنیٹرز اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، عارف علوی، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، صوبائی وزراء اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عارف علوی کی پی ٹی آئی کے لئے خدمات قابل قدر ہیں، محمود خان نے کہا کہ ہم نے اپنے صوبے میں پروٹوکول کومکمل طور پر ختم کیا ہے اور عمران خان کی سوچ کے مطابق سادگی اختیار کی ہے،انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ان کی حکومت نئی سوچ کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے ہماری حکومت میں پروٹوکول کلچر کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ پروٹوکول لوگوں کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں۔ ہم مزیر لوگوں کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ صرف ترقی پذیر ملکوں میںیہ پروٹوکول کا مسئلہ جوں کا توں آ رہا ہے، ترقیافتہ ممالک بہت پہلے اس بیماری سے کامیابی کے ساتھ نکل چکے ہیں کیونکہ وہاں لوگ تعلیم یافتہ اور با شعور ہو گئے ہیں جو معاشرے میں اپنے حقوق و فرائض سے بخوبی آگاہ ہیں۔محمود خان نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے اور ان کو ریلیف پہنچانا ہے ،پی ٹی آئی نے صوبے میں عوامی خدمات کا جو نیا اسلوب حکمرانی متعارف کرایا تھا اس میں مزید وسعت لائیں گے، شفافیت،کرپشن فری اور اداروں کی مضبوطی ہماری ترجیحات ہوں گی،ہم عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے،اداروں سے ریلیف دیں گے، ایک خود کار سسٹم بنائیں گے تاکہ شکایات کے حل کا خود کار نظام ہو اور عوام در بدر ٹھوکریں نہ کھائیں ، نہ سفارش ڈھونڈیں اور نہ کسی کے پیچھے پھرتے رہیں بلکہ نظام خود انکے مسائل حل کرے۔ اس موقع پر عارف علوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، سنیٹرز، ایم ان ایز اور ایم پی ایز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ان پر بہت بڑی ذمہ د اری ڈال دی ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ وہ اس ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کریں جس سے ملک کو، پاکستان کے لوگو ں کو اور پورے خطے کو فائدہ ہو۔سینئر وزیر عاطف خان نے کہا کہ میں ڈاکٹر عارف علوی کو بہت عرصہ سے جانتاہوں وہ ایک دیانتدار انسان ہیں اور گذشتہ 22 سالوں سے پارٹی سے منسلک ہیں ، عارف علوی پی ٹی آئی کے بانی رکن ہیں وہ پارٹی میں ہمیشہ غیر متنازعہ کردار کے مالک رہے ہیں۔ صدارتی امیدوار کیلئے سب سے زیادہ موزوں اور مستحق امیدوار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کی خدمت کی ہے اور ہمیشہ پارٹی مفادات کو اپنے مفادات پر ترجیح دی ہے بطور ایم این اے بھی اپنے علاقے کیلئے خود فنڈز اکھٹے کئے اور وہاں بچوں کے لئے سکولز اور تعلیم کا اعلیٰ بندوبست کیا ۔انہوں نے پارٹی کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی ہے لہٰذا تمام ممبران ان کیلئے ووٹ ڈالیں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ اور ڈاکٹر عارف علوی نے پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری کارکردگی یہ ہے کہ ہماری پچھلی صوبائی حکومت نے ڈیلیور کیا جس کے نتیجے میں عوام نے ہمیں دگنا مینڈیٹ دیا ، ہمارے اقدامات نے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کیا انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور اداروں پر اعتماد کی بحالی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔