News Details

30/08/2018

صوبائی وزیرکو کالام (سوات) میں جنگلات کی کٹائی کے واقعے کی انکوائری کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی وزیر کالام (سوات) میں جنگلات کی کٹائی کے واقعے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ انکوائری جلداز جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے سوات کے علاقہ کالام میں ٹمبر مافیا کی طرف سے درخت کاٹنے کے واقعہ کی رپورٹ طلب کی اور ہدایت کی کہ واقعے کی فوری انکوائری کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے۔ محمود خان نے پابندی کے باوجود درختوں کی کٹائی پر برہمی کا اظہار کیا اور تنبیہ کی کہ کسی کو بھی جنگلات کی تباہی اور کٹائی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کی تشویشناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگلات کا تحفظ بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ جنگلات زندگی کی علامت ہیں جن کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اس اہم ترین قومی اثاثے کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، انکے خلاف قرار واقعی کاروائی ہونی چاہئے۔