News Details
29/08/2018
صوبے میں ہائی ویز روڈز کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں ہائی ویز روڈز کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت پورے صوبے کو باہم مربوط کرنا چاہتی ہے کیونکہ مواصلات کا بہترین نظام خوشحالی کی طر ف کلیدی اقدام ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں ایشائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے صوبائی ہائی ویز روڈز کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے شاہراہوں کے مجوزہ منصوبوں ،مالی معاونت کے پروسیجر ، منصوبوں پر تازہ ترین پیش رفت اور مسائل پر بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس وقت اے ڈی بی کے تعاون سے 9 بڑی شاہراہوں کی تعمیر وبحالی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن کی سابق صوبائی حکومت منظوری دے چکی ہے تاہم لون ساورن گارنٹی وفاقی حکومت نے دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے مذکورہ سکیموں کی تائید و تصدیق کرتے ہوئے اقدامات کو بلا تاخیر حتمی شکل دینے اور منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوں نے کہاکہ اس صوبے کو معاشی طور پر اُٹھانے کیلئے کل وقتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں مواصلاتی نظام کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔