News Details

26/08/2018

اس ملک کی منزل انصاف پرمبنی معاشرے کی تشکیل ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اس ملک کی منزل انصاف پرمبنی معاشرے کی تشکیل ہے ۔ عوام دوست حکمرانی ، قانون کی بالادستی اور میرٹ پر فیصلہ سازی سمیت صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہیں ۔ منتخب نمائندے حکمرانی میں پائی جانے والی کمزوریوں ، انصاف کے حصول اور عوامی مسائل میں رکاوٹوں کا ادراک کریں ہم ایک ٹیم کی طرح اجتماعی فیصلہ سازی کے ذریعے عوام کو اُن کی خواہشات کے مطابق ریلیف دیں گے ۔ وہ آج وزیراعلیٰ ہاؤس کے اینکسی میں ممبران صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل، اشتیاق ارمڑ ، فضل الٰہی، کامران بنگش ، آصف خان، ملک واجد خان ، پیرمصور شاہ اور عبد الکریم سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کفایت شعاری اور بے جا اخراجات اور کرپشن کی حوصلہ شکنی ترقی اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کے بنیادی محرکات ہیں۔ اس قوم کا مسئلہ یہی ہے کہ ماضی میں اس کے حکمرانوں نے اپنے مفادات کیلئے کام کیا۔ سٹیٹس کو کی قوتوں کو مضبوط کیا گیا ۔ یہ عوام دشمنی ہے ۔ ہماری حکومت اصلاح احوال کا بنیادی ڈھانچہ بنا چکی ہے ۔ استحصالی قوتوں کا گھیراؤ کریں گے ۔ مراعات یافتہ طبقہ کو لگام لگائیں گے۔ لاقانونیت اور بے انصافی کے خلاف ہمارے اقدامات سے سٹیٹس کو کی قوتیں کمزور ہوں گی ۔ عوام طاقتور ہوں گے ۔ ایک ایسا سسٹم بنائیں گے جس کے ذریعے غریب اپنا حق حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔ ہمارے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں۔ ہم نے اچھی حکمرانی بھی دینی ہے اور عوام کو فیصلہ سازی کے پورے عمل میں شریک بھی کرنا ہے ۔ عوام کے مفادات کویقینی بھی بنانا ہے اور عوامی حقوق غصب کرنے والوں کے ہاتھ بھی روکنے ہیں۔ ہمیں کرپشن اور اقرباء پر وری کا خاتمہ بھی کرنا ہے اور وسائل کا شفاف استعمال بھی یقینی بنانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سے آگے بھی ہمیں بنیادی نوعیت کے اقدامات اُٹھانے ہوں گے ۔ ہمارے صوبے کو تعلیم ، صحت اور سماجی خدمات میں بہتری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ زرعی اورپیداواری شعبوں میں نئے رجحانات کے ذریعے ترقی کے راستے تلاش کرنے ہیں۔ سادگی اور کفایت شعاری ، غیر ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی اور نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرنا ،ہمارے اہداف ہیں۔ ہمارے قدرتی وسائل ، سیاحت اور صنعتکاری کو صوبے کی معاشی بنیاد بنانے کیلئے واضح لائحہ عمل وضع کیا جا چکا ہے ۔ ہم نے اپنے صوبے اور غریب عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ۔ قدرتی وسائل،سیاحت اور صنعتکاری ایسے شعبے ہیں جہاں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے ، صوبے کی معیشت بھی بہتر ہو گی اور عوامی خوشحالی اور ترقی کا راستہ بھی یہی ہے ۔ ہم شفاف طریقہ کار وضع کریں گے ۔ میرٹ اور قانون سب کیلئے یکساں ہو گا۔ یہی کچھ ہمارے اہداف ہیں اور ہم ان پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔ یہی قوم کی خواہش اور ہماری ترقی کا راستہ ہے ۔ یہی تحریک انصاف کا منشور ہے اور یہی قومی فریضہ بھی ہے۔ ہمارے عوام نے بہت مصائب اور مشکلات دیکھی ہیں۔ اب ان کو ریلیف دینے کا وقت آچکا ہے ۔ ہماری کوششوں میں کسی قسم کی مصلحت آڑنے نہیں آنی چاہیئے ۔ یہ تمام منتخب ممبران اسمبلی کا ایجنڈا ہونا چاہیئے عوام کے ساتھ رابطہ رکھیں ۔ اُن کے مسائل سمجھیں اور اُنہیں حل کرنے کے راستے نکالیں۔ حکومت عوام کیلئے ہوتی ہے ۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن اور پی ٹی آئی کے منشورکے مطابق عوامی فلاح ، انصاف اور میرٹ کی بالادستی ، شفاف حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ یہی قومی ایجنڈا ہے اور یہی قوم بنانے کا راستہ ہے ۔