News Details
14/08/2018
نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مثبت تبدیلی کیلئے زلمی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو خراج تحسین
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مثبت تبدیلی کیلئے زلمی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ یہاں کے نوجوانوں نے کھیل کے ہر شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ اُنہوں نے زلمی آزادی کپ کے انعقاد خصوصاً یوم آزادی کے موقع پر اس کے اختتامی میچ کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے خوشی دوبالا ہو گئی ہے ۔ آزادی ایک بے مثال نعمت ہے ۔ہمیں آزادی پلیٹ میں نہیں ملی تھی بلکہ یہ ہمارے قائدین کی ذہانت و قابلیت پر مبنی طویل جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے جس کی قدر کرنی چاہیئے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں زلمی فاؤنڈیشن کے زیر انتظام زلمی آزادی کپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کی فلاح اور مثبت تبدیلی کیلئے زلمی فاؤنڈیشن کی سرمایہ کاری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ اسی طرح کے پرعزم لوگوں کی وجہ سے پی ایس ایل کے سیزن ون میں پشاور زلمی کی ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ اُنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ ہاکی سے لیکر کرکٹ تک تمام شعبوں میں یہاں کے نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ وہ کام جو کرکٹ بورڈ سے نہیں ہو سکاوہ ان لوگوں نے ممکن بنا دیا۔ اُنہوں نے کہاکہ دُنیا میں پاکستان کانام روشن کرنے کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کا بڑا حصہ ہے ۔ حال ہی میں فخر زمان نے حیران کن کھیل پیش کیا جو واقعی ہمارے لئے قابل فخر ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا زور بازوپوری دُنیا سے مضبوط ہے اور ہمارے نوجوانوں نے یہ ثابت بھی کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر زلمی آزادی کپ کی اختتامی تقریب نے خوشی کو چار چاند لگا دیئے ہیں ۔ آزادی کی قدر و عظمت اور اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہاکہ آزادی کاحصول قائداعظم کی قیادت میں ہمارے قائدین کی ذہانت اور قابلیت کی وجہ سے ممکن ہوا۔اُس کے بعد قربانیوں کا ایک طویل سلسلہ ہے لاکھوں کی تعداد میں جانیں قربان ہوئیں ۔ لوگ بے گھر ہوئے اور اُن کو جلایا گیا ۔ ہماری افواج اور اداروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے اور بحیثیت قوم ہر ایک کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے ۔ اُنہوں نے کہاکہ آزادی کی جدوجہد میں پشتون قوم نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس نے لمبی لمبی جنگیں لڑی ہیں اور بڑی تکالیف اُٹھائی ہیں۔ آج ہم جس آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں اس کی عظمت کو سمجھیں اور اس کی خاظر بہنے والے خون کی قدر کریں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے زلمی آزادی کپ کی فاتح ٹیم نوشہرہ زلمی کو فاتح ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔