News Details

07/08/2018

حجاج کرام کو تمام سہولیات کی فراہمی اوراُنہیں آئین کے مطابق سپریم حقوق کی فراہمی یقینی بنانے میں کوتاہی ناقابل قبول

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ حجاج کرام کو تمام سہولیات کی فراہمی اوراُنہیں آئین کے مطابق سپریم حقوق کی فراہمی یقینی بنانے میں کوتاہی ناقابل قبول ہے ۔ اﷲ تعالیٰ بھی حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی معاف نہیں کرتا۔ اگر مجبور کیا گیا تو حجاج کرام کی خدمت میں غفلت کے ارتکاب پر سخت ایکشن لیں گے اور مجبوراً ہمیں اس کے لئے کمیشن بنانا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ حجاج کرام کیلئے حج کمپلیکس پشاور میں تمام سہولیات جیسے ٹھنڈا پانی، صاف ستھرے کمرے، ایئرکنڈیشنڈ سسٹم کی فراہمی وغیرہ یقینی بنائی جائے مذکورہ کمپلیکس میں بجلی کے کم وولٹیج کے مسئلے کے حل کیلئے خصوصی ایکسپریس لائن کی منظوری اور 400kv کیلئے ٹرانسفارمر لگانے کی بھی ہدایت کی انہوں نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت کی کہ حجاج کرام کو صاف ستھری اور معیاری خوراک کی دستیابی کوبھی یقینی بنایا جائے انہوں نے فوڈ کنٹرولر اتھارٹی سے کہا کہ حج کمپلیکس کے اندر قائم تمام دکانوں اور سٹالز کے جملہ سامان بشمول خوراک آئٹم کی قیمتوں کو باقاعدگی سے چیک کیا کریں اور حج کمپلیکس کے باہر غیر معیاری خوراک کے لئے قائم تمام سٹالز اور ریڑھیوں کو وہاں سے فوری طور پر ختم کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج ڈائریکٹریٹ کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا اجلاس میں وزیرتعلیم سارہ صفدر، وزیراطلاعات ظفر اقبال بنگش ، مشیر برائے وزیراعلیٰ آسیہ خان ، ڈائریکٹر حج محمد شکیل اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ حج ایک مقدس عبادت اور دینی فریضہ ہے ہمیں چاہئے کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولت پہنچا کر اپنے فرائض کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ثواب داریں بھی حاصل کریں اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر آسیہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کل انہوں نے متعلقہ حج کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں کے تمام سہولیات کا جائزہ لیا انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے حج کمپلیکس میں حجاج کرام کو فراہم کئے گئے سہولیات تسلی بخش نہیں کیونکہ وہاں پر حجاج کرام کیلئے ٹھنڈا پانی تک موجود نہیں ہے کولنگ کا کوئی جدید نظام نہیں ہے نیز پنکھے بھی خراب ہیں اور حجاج کرام گرمی کی وجہ سے تڑپ رہے ہیں۔ خواتین کیلئے وہاں پر کوئی رضاکار بھی موجود نہیں ہے وزیراعلیٰ نے فوری طور پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو 2 دن کی ڈیڈ لائن دیدی کہ اگر انہوں نے حجاج کرام کو متعلقہ سہولیات فراہم نہیں کی تو ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے حجاج کرام کا مکمل ڈیٹا جیسے مردو خواتین کی تعداد، عمر، علاقہ وغیرہ کے بارے میں مکمل تحقیقی رپورٹ جلد از جلد پیش کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بورڈنگ سے پہلے حجاج کرام کی صحت کی مکمل چانچ پڑتال اور بلڈ پریشر وغیرہ چیک کرنا چاہئے وہاں پر علاج معالجے اور ویکسین کیلئے 4 فیمیل میدیکل آفیسر اور 4 میل میڈیکل آفیسر کا موجود ہونا ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز بھی ہر قسم بدعنوانی سے پرہیز کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کاروائی کرنے کیلئے کہا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم حجاج کو سبسڈی نہیں دے سکتے تو کم ازکم ان کے مسائل میں اضافہ تو نہیں ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ کو یقین دلایا گیا کہ حج کمپلیکس کی صفائی کیلئے5 یا 6 سویپر اور الیکٹرک کولر کی فراہمی کر دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حجاج کی مدد کیلئے چیمبرز آف کامرس اور دوسرے ڈونرز سے بات کریں گے تاکہ حجاج کرام کو اس گرم موسم میں ٹھنڈا پانی کا انتظام فراہم کیا جا سکے۔حج آپریشن کیلئے فراہم کردہ ملازمین ایمانداری سے حجاج کو وہ تمام سہولیات فراہم کریں جو بنیادی نوعیت کے ہیں۔ ہمیں اپنے کریکٹر سے ثابت کرنا ہے مسلمان کا خاصا ہے ۔ دنیاوی چمک ہمارے کردار کو کمزور نہیں کرسکتا۔ پورے سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے ۔ موجود کمزوریوں دور کرنا ہے ۔ اگر غیر قانونی اور بد عنوانی نظر آئی تو قانون کو حرکت میں دیر نہیں لگے اصلاح احوال ضروری ہے ہر سطح پر شفافیت نظر آنا چاہیئے ۔ آئین کے مطابق سپریم حق ہے ۔ اس میں غفلت اور کوتاہی بھی ناقابل قبول ہے ۔ راتوں کو جاگتا ہوں ہر چیز اور ہر شعبہ مانیٹر کرتا ہوں ۔ خوف خداہونا چاہیئے ۔ لوگوں کے حقوق پر حرف نہیں آنا چاہیئے ۔