News Details
06/08/2018
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کوہاٹ ٹریفک حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی انہوں نے ہسپتال کے شعبہ حادثات میں مریضوں سے فیس وصول کرنے اور دیگر اخراجات چارج کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے اور انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ چوبیس گھنٹوں کے اندر رپورٹ دے کہ ایمرجنسی میں غریب لوگوں سے فیس اور دیگر اخراجات کس قانون کے تحت چارج کئے جا رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے آج لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مسلم آباد کوہاٹ میں گذشتہ روز آئل ٹینکر اور مسافر بس کے تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ، نگران وزیر اعلیٰ نے زخمیوں سے انکی صحت اور علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر شعبہ حادثات میں مریضوں سے فیس ،آپریشن اور دیگر امور میں وصول کئے جانے والے اخراجات کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں زیادہ تر غریب اور بے سہارا لوگ آتے ہیں انہیں علاج معالجہ کی مفت سہولیات کے قانون پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی اعلیٰ حکام کو اس سلسلے میں چوبیس گھنٹوں کے اندر رپورٹ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ انہیں بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت شعبہ حادثات میں غریب لوگوں سے اخراجات وصول کئے جا رہے ہیں۔