News Details

04/08/2018

خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کو خراج تحسین

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے کی بہادر پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و عامہ کے قیام کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ملک و قوم کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔4 اگست یوم شہداء کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخو اپولیس نے گزشتہ ایک دہائی سے انتہائی نامساعد حالات میں جس ہمت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ اُس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ۔ خیبرپختونخوا پولیس نے ہر محاذ پر دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس خطے میں امن کی بحالی کیلئے جو شہادتیں پیش کیں۔ وہ تاریخ کے اوراک میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ۔ اُنہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور شہداء کے لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی بھی دعا کی ہے اور کہاکہ ہم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔