News Details
29/07/2018
صوبے میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کیلئے فوری طور پر امدادی پیکج کا اعلان
نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمدخان نے صوبے میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کیلئے فوری طور پر امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیمیں سیلاب کے متاثرین کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کریںیہ ڈ یٹا جانی اور مالی دونوں نقصانات کے لحاظ سے مکمل اور جامع ہو تاکہ انکی مالی اور تیز تر آبادکاری کیلئے مناسب اقدامات کئے جا سکیں، نگران وزیر اعلیٰ نے یہاں سے جاری اپنی ہدایات میں مون سون کے سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لئے مناسب اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے پی ڈی ایم اے،ریسکیو1122اور ضلعی انتظامیہ کو مستعد رہنے اوربلاتاخیر ریلیف سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، نگران وزیر اعلیٰ نے نقصانات کاتخمینہ لگانے اور تعمیر نو وبحالی کے لیے جامع پلان وضع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ خودمتاثرہ علاقوں میں جائے اورریلیف یقینی بنائے،حقائق پر مبنی ڈیٹا جمع کیا جائے تاکہ متاثرہ لوگوں کے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ ممکن ہو سکے،انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں،نقصانات کے ازالے اور تعمیر نو و بحالی کے لیے وسائل فراہم کریں گے،سابق جسٹس دوست محمدخان نے کہا کہ نگران حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے،عوام بھی مصیبت کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں،انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو آنے والے دنوں میں زیادہ با خبر رہنے اور سیلاب سے بچاؤ کی جامع اور قابل عمل منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کی تاکہ لوگوں کے جان و املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جان بحق افراد کی بخشش اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔