News Details

25/07/2018

صوبائی نگران حکومت صوبے میں آزادانہ ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لئے بالکل تیار

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی نگران حکومت صوبے میں آزادانہ ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لئے بالکل تیار ہے اور انتخابات کے بہتر انداز سے انعقاد کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبے میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے انتظامات کے بارے میں ایک پریزینٹیشن اور عوام کو انتخابات کے بارے میں اپنے پیغام میں کیا۔ فوکل پرسن بہرہ مند نے نگران وزیر اعلیٰ کو صوبے میں آزادنہ ، منصفانہ ، غیر جانبداراور شفاف انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اُن کی ہدایات پر عمل درآمد کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا ۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اُن کی نگران حکومت نے صوبے میں پُرامن ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام ترتاریخی نوعیت کی کوششیں کی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں انتخابات کے بہتر انعقاد کی راہ میں رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیکورٹی ، انتظامی اقدامات اور تیاری کی صورتحال بہترین ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بیرونی دُشمنوں کے ناپاک منصوبوں اور عزائم اور انتخابات لڑنے والے اُمیدواروں کے درمیان اندرونی لڑائیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اختلافات پر مبنی سماج سے بخوبی آگاہ ہیں جہاں سیاسی جھگڑوں کا خاتمہ مشکل سے ہوتا ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت نے عام انتخابات میں سیکورٹی اور انتظامی کمی بیشی کو پورا کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے طورپر سکیورٹی کے فول پروف اور دیگر غیر معمولی اقدامات اُٹھائے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک جامع سیکورٹی اور انتظامی منصوبہ مرتب کیا گیا ہے جس میں مختلف اداروں کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ فرنٹیر کانسٹیبلری اور آزاد جموں کشمیر سے تربیت یافتہ پولیس کی واپسی سے صوبے میں عام انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کی مجموعی صورتحال بہت اچھی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اضافی فورس مختلف حساس علاقوں کو بھیج دی گئی ہے تاکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر ان کو بھیجا جا سکے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس اضافی فورس کی وجہ سے سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہو گا۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مرتبہ پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر آرمی کی تعیناتی سے دھاندلی کے امکانات ختم ہوں گے تمام اُمیدواوں کو برابرپلینگ فیلڈ ملے گا اور ووٹرز کو اپنے پسندیدہ اُمیدواروں اور پارٹیوں کے حق میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لئے سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ لوگ بلاخوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کا استعمال آزادانہ طورپر کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات سرکاری اہلکاروں کو انتخابات کے مجموعی عمل کے دوران اپنی غیر جانبدار ی ثابت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی کو انتخابات پر اثر انداز ہونے یا دھاندلی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوست محمد خان نے کہا کہ انتخابات میں قواعد و ضوابط کی ہر صورت پاسداری کی جائے کسی کی جانب سے کسی قسم کی روکاوٹ یا روڑے اٹکانا قابل برداشت نہیں ہو گااگر کسی حکومتی اہلکار کو قانون کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو اسے فوری طور پر پابندسلاسل کرتے ہوئے اس کا متبادل وہی ڈیوٹی انجام دے گایہی حکومت کے پہلے سے بنائے گئے پلان کے مطابق ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پہلے سے قابل عمل پلان بنا رکھا ہے جسکے تحت صوبے میں تمام الیکشن کے دوران بااثر عناصر کی طرف سے اثر انداز ہونے یا کسی ناخوشگوار واقعہ پر قابو پایا جا سکے ۔ اُنہوں نے مزید انکشاف کیا کہ صوبے میں گذشتہ دہشتگردی کے حملوں میں ملوث عناصرتک پہنچ چکی ہے اور انہیں جلد ہی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کرنے والے کو ناصرف انعام دیا جائے گا بلکہ اُسکا نام صعیفہ راز میں رکھے جائے گا۔ سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ اُنکی حکومت نے ایسے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں جنکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ ان انتظامات میں پورے صوبے میں حفاظتی اور انتظامی انتظامات کو بڑھا یا گیا، حساس پولنگ سٹیشنوں پر اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ۔ علاوہ ازیں صحت سے متعلق انتظامات اور کھانے پینے جیسی بنیادی سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے گذشتہ دہشتگردی کے حملوں میں حالات کو قابو میں رکھنے پر سیاسی قیادت کی سیاسی فہم کو خراج تحسین پیش کیا۔ دوست محمد خان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کی قدر اور اہمیت کو سمجھیں کیونکہ اسی اہمیت کے پیش ان کی حکومت نے کئی غیر معمولی اقدامات کئے ہیں اورسرکاری خزانے سے پیش قدر اخراجات کئے گئے ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ لوگ ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوام اس موقع کو ضائع نہ ہونے دیں انہوں نے کہا کہ اگر ووٹرز کو اپنے پولنگ سٹیشنز پر بروقت پہنچنے میں کسی مسئلے کا سامنا ہو تو حکومت لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی ضروری سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ انہیں اپنے پسندیدہ امیدواوں /پارٹیوں کے حق میں ووٹ کے آزادانہ طورپر استعمال کو یقینی بنانے کے لئے انہیں ضروری ٹرانسپورٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطہ کرنے پر فراہم کی جائے گی۔