News Details

22/07/2018

نگران صوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت صوبائی اداروں کی کارکردگی اور اہداف میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے عام انتخابات 2018 ء کے انعقاد کے سلسلے میں نگران صوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت صوبائی اداروں کی کارکردگی اور اہداف میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عوام مطمئن رہیں اور ساری صورتحال کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ ہم اپنے اہداف سے آگے جارہے ہیں جو خوش آئند ہے ۔ اپنی غیر جانبداری اور شفافیت پر کسی کو اثر اندا زنہیں ہونے دیں گے ۔ پرامن ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہماری آئینی کردار ہے ۔ ہم نے اپنے آئینی اختیارات کے عین مطابق ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں تاکہ عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن اور مناسب ترین ماحول فراہم کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کے فوکل پرسن پریس سیکرٹری بہرہ مند کی طرف سے انتخابات کی تیاریوں پر پیش رفت کے حوالے سے دی گئی بریفینگ کے دوران دیا۔ فوکل پرسن بہر ہ مندنے نگران وزیراعلیٰ کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ صوبہ اپنے مطلوبہ اہداف سے آگے جارہا ہے ۔ انتخابات کے غیر جانبدار اور شفاف انعقاد کیلئے نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے اور ساڑھے نو سو سے زائد کیمرے لگائے جا چکے ہیں ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں اس بار حالات مختلف ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر معمولی اقدامات اور انتظامات کئے جارہے ہیں۔ فوکل پرسن نے بریف کیا کہ پولنگ سٹاف اور انتخابی مواد کی محفوظ ترسیل کے سلسلے میں بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنران کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کو منتخب مقامات پر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جہاں پولنگ سٹاف متعلقہ سٹیشنز پر روانہ ہونے سے پہلے جمع ہو گا ۔ انتخابات کے انعقاد کیلئے سول ٹرانسپورٹ کے انتظامات تیز رفتاری سے جاری ہیں اور متعلقہ اضلاع سے مطلوبہ ڈیمانڈ موصول ہو چکی ہے ۔ اس پر تیز ی سے پیش رفت ہو رہی ہے ۔ صوبے میں ایک کروڑ 78 لاکھ 31ہزار 250 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ایک کروڑ 2 لاکھ 16 ہزار 456 مرد ووٹرز جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 76 لاکھ 14 ہزار794 ہے ۔ انتخابی مواد کی محفوظ ترین سٹوریج کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور حساس پولنگ سٹیشنز کو خصوصی سکیورٹی دینے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق پولیس فورس اور دیگر تمام سرکاری ملازمین جو انتخابات کے مجموعی عمل میں کسی بھی صورت میں حصہ لے رہے ہیں ، کو غیر جانبدار رہنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے ۔ بیلٹ پیپرز کی سٹوریج کیلئے ڈپٹی کمشنران کو متعلقہ حکام سے رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور ہدایت پر عمل درآمد رپورٹ موصول ہو چکی ہے ۔ پولنگ سٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور ناپید سہولیات و سٹاف کی فراہمی کے سلسلے میں ہدایات پر عمل درآمد کیا جا چکا ہے اور اُس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیجی جا چکی ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے مزید واضح کیا کہ آنے والے چند ایام پہلے سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔ پرامن اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات میں تیز رفتاری نظر آنی چاہیئے کسی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں اور اپنی آئینی ذمہ داریوں پر فوکس کریں ۔ پروپیگنڈہ پروپیگنڈہ کی حد تک رہے اور حقائق عوام پر منکشف ہونے چاہئیں۔ اُنہوں نے کہاکہ نگران حکومت کو ماضی کے برعکس موجودہ حالات کی حساسیت کے مطابق فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد عوام کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے مناسب ترین ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آزادی کے ساتھ اپنی مرضی سے اُمیدواروں کے انتخابات کیلئے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔