News Details

20/07/2018

صوبے میں عام انتخابات کے پرامن ، شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انعقاد کیلئے تمام انتظامی مشینری کو مستعدکرنے کی ہدایت

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے صوبے میں عام انتخابات کے پرامن ، شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انعقاد کیلئے تمام انتظامی مشینری کو مستعدکرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ نگران صوبائی حکومت آئین پاکستان میں دیئے گئے اختیارات کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ وہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اُن سے ملاقات کی ۔ چیف سیکرٹری نے نگران وزیراعلیٰ کو صوبے میں پولنگ سٹیشنز پرعملے کی تعیناتی ، انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے اُٹھائے گئے انتظامی اقدامات ، پولنگ سٹیشنز پر کئے گئے انتظامات اور پولنگ کے دن سے متعلق دیگر معاملات پر بریفینگ دی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی نگران حکومت پولنگ کے دن ووٹرز کو پرامن اور بہترین ماحول دینے کی خواہاں ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے آئینی ذمہ داریوں کے سلسلے میں تمام انتظامی سٹرکچر کا پرعزم ہونا خوش آئند ہے تاہم ہم نے اس سلسلے میں مقدور بھر کوششیں یقینی بنانا ہو ں گی اور پرامن و آزاد انتخابات کی راہ میں حائل ہونے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔ دوست محمد خان نے کہاکہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں۔ وہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اُنہیں انتخابات کی سلسلے میں بھر پور کاوشوں کا یقین دلایا ہے ۔ نگران صوبائی حکومت کے تمام محکمے دن رات 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے نئے سات اضلاع کی وجہ سے اس سال انتخابات کے حوالے سے ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو روٹین کی ریلیف کی فراہمی متاثر نہیں ہونی چاہیئے اور ہر سطح پر جاری رہنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات پر توجہ مرکوز کرنا ، تیاریوں کی سطح میں اضافہ کرنا اور پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا نہایت ضروری ہے تاہم اس مجموعی عمل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہم اپنی ذمہ داریوں کو فراموش نہیں کر سکتے ۔ ہم نے انتخابات کے مجموعی عمل میں ہر شخص کو انصاف کی فراہمی ، حقوق کے تحفظ اور سب کو یکساں میدان دینے کیلئے اپنی کوششیں یقینی بنانا ہوں گی ۔اُنہوں نے کہاکہ عوام اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دینے میں مکمل آزاد ہے ۔ نگران صوبائی حکومت ووٹرز کو صرف سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ آسانی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ دوست محمد خان نے کہاکہ فرنٹیر کانسٹبیلر ی کی صوبے کو واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ ہمارے مطالبے کو تسلیم کر چکے ہیں نہ صرف وہ ایف سی کے پلاٹون واپس دے رہے ہیں بلکہ آزادکشمیر سے پولیس کے تربیت یافتہ نوجوان اضافی بھیج رہے ہیں جس پر ہم وفاقی وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ ایف سی اور آزاد کشمیر سے ملنے والی پولیس کی وجہ سے سیاسی رہنماؤں اور انتخابی اُمیدواروں کی سکیورٹی مزید بہترہوگی اور پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی کیلئے پولیس کی نفری میں بھی اضافہ ہو گا۔