News Details

21/07/2018

انتخابات کے غیر جانبدار، پرامن، شفاف اور کامیاب انعقاد کیلئے دیگر اقدامات اور تیاریوں کے ساتھ عوام کی شعوری سطح کو بھی بڑھانا ضروری ہے

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے غیر جانبدار، پرامن، شفاف اور کامیاب انعقاد کیلئے دیگر اقدامات اور تیاریوں کے ساتھ عوام کی شعوری سطح کو بھی بڑھانا ضروری ہے عوام اپنے ضمیر سے فیصلہ کریں اور اپنی مرضی سے بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ہم عوام کو بھرپور تحفظ اور مناسب ماحول دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔اُنہوں نے انتخابات کے اس پورے عمل کے دوران سرکاری ملازمین کو اپنی غیر جانبداری یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کے فوکل پرسن وزیراعلیٰ کے پریس سیکرٹری بہرہ مند کی طرف سے انتخابات کی تیاریوں پر دی گئی بریفنگ کے دوران کیا فوکل پرسن بہرہ مند نے نگران وزیراعلیٰ کو بتایا کہ الیکشن کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کی ہدایات اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی روشنی میں بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں تمام اضلاع میں متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جا چکا ہے اور مطلوبہ سہولیات مکمل کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ پرامن اور شفاف انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔ 507 کیمرے نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے انہوں نے بتایا کہ ماضی کے برعکس موجودہ انتخابات کیلئے اضافی انتظامات اور اقدامات کئے گئے ہیں ماضی میں صرف صوبے کی ذمہ داریاں تھیں جبکہ اس بار سات نئے اضلاع کیلئے بھی سیکورٹی ،گاڑیوں اور دیگر مواصلات کا بندوبست کیا گیا ہے نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مدد کیلئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم اور فعال ہوچکا ہے صحافیوں اور عوام الناس کو ٹیلی فون نمبر کے ذریعے 24 گھنٹے رسائی دی گئی ہے۔ کنٹرول روم میں درج کرائی گئی شکایت یا اطلاع پر تیز رفتار عمل در آمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔یو اے این نمبر091-111-712-713 پر ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔کنٹرول روم سے فون نمبرز ۔9213920,9211765,9210726,9213838 کے ذریعے براہ راست رابطہ بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ فون نمبرز۔091-9210718 اور 091-9210464 پر فیکس کی سہولت بھی دستیاب ہے ۔ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مسائل اور شکایات کے اندراج کیلئے محکمہ داخلہ میں الیکشن کوآرڈنیشن سیل قائم کیا جاچکا ہے ۔ یہ سیل 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔فون نمبرز091-9210036 اور091-9210300 پر شکایات درج کی جا سکتی ہیں۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور اور اضلاع میں پولیس کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جو مانیٹرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ بریفینگ میں بتایا گیا کہ نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق شہری خدمات کے اداروں ٹی ایم ایز ، ڈبلیو ایس ایس سی ، پی ڈی اے، جی ڈی اے اور لوکل ایریا اتھارٹیز کو 23 جولائی سے 26 جولائی تک اپنے دفاتر 24 گھنٹے کھلے رکھنے اور سٹاف کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی جا چکی ہے ۔ پولنگ سٹیشنوں پر ناپید سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام دن رات کام کر رہے ہیں ۔ پرایذیڈنگ افسران، آراوز اور ڈی آر اوز کو فرسٹ کلا س مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ گاڑیوں کی فراہمی ، آراوز کیلئے مناسب دفاتر اور سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی ہدایا ت جاری کی گئی ہیں۔ بینائی سے محروم اور ضعیف العمر افراد کو ووٹ پول کرنے کیلئے خصوصی ریلیف دیا جائے گااورمعذور افراد کیلئے ویل چیئرز فراہم کی جائیں گی ۔ نگران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں / اُمیدواروں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا چکا ہے ۔ صوبے میں قومی اسمبلی کے 3675 اُمیدواروں اور صوبائی اسمبلی کے 8895 اُمیدواروں سمیت مجموعی طور پر 12570 اُمیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں این اے کے 39 اور پی کے کے 99 حلقوں میں انتخابات کے دوران سکیورٹی کیلئے 75 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں۔نئے ضم شدہ علاقوں میں کل 1884 پولنگ سٹیشن ہوں گے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر جانبدار اور پرامن انتخابات ہمارا ہدف ہے جسکے لئے تیاریوں میں رتی بھر کمی کی بھی گنجائش نہیں ہے انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بھی تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ یہ ایک قومی مقصد ہے جس میں تعاون کرنا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات اس عظیم قومی مقصد میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔