News Details
19/07/2018
صوبے میں بجلی چوری (کنڈا کلچر ) کے خلاف باضابطہ اور قابل عمل قانون کی ضرورت پر زور
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے صوبے میں بجلی چوری (کنڈا کلچر ) کے خلاف باضابطہ اور قابل عمل قانون کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس سلسلے میں جلد آرڈنینس پاس کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ بجلی کے غیر قانونی استعمال کا تدارک ممکن ہو سکے ۔ وہ پیسکو چیف ایگزیکٹیو پیسکو انجینئر ڈاکر محمد امجد خان سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے ملاقات کی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے بجلی کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر صوبے میں کنڈا کلچر کے تدارک اور بقایا جات کی تیز رفتار ریکوری کو وقت کی اشد ضرورت قرار دیا۔ اُنہوں نے کہاکہ بجلی چوری کی وجہ سے مختلف خرابیاں جنم لیتی ہیں ایک طرف قومی خزانے کو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا نقصان ہو تا ہے تو دوسری طرف باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر بھی غیر ضروری بوجھ پڑتا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کم وولٹیج کے مسئلہ کو بھی حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وولٹیج میں اچانک غیر معمولی کمی اور زیادتی کی وجہ سے برقی آلات بھی خراب ہوتے ہیں اور پرائمری سکول میں بچوں کی نظر پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔