News Details

14/07/2018

بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ میں خود کش حملے کی سخت مذمت

خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے مستونگ (کوئٹہ) میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ میں خود کش حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔یہاں سے جاری اپنے مذمتی بیان میں دوست محمد خان نے سراج رئیسانی اور دیگر افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ علاؤالدین مری کو ٹیلی فون بھی کیا اور اس دلخراش واقعے پر اُن سے تعزیت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ دوست محمد خان نے صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ بے گناہ انسانیت اور نہتے کارکنان کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا بھی کی ۔