News Details

08/07/2018

پشاور چڑیا گھر پر اچانک چھاپہ اور چڑیا گھر کے مختلف حصوں اور مجموعی ماحول کا معائنہ

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے پشاور چڑیا گھر پر اچانک چھاپہ مارا اور چڑیا گھر کے مختلف حصوں اور مجموعی ماحول کا معائنہ کیا ۔انہوں نے چڑیا گھر میں جانوروں کو انتہائی نامناسب اور غیر صحت مند ماحول میں رکھنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ جنگلی حیات کیلئے اُن کی فطرت کے مطابق نیچرل ماحول بنایا جا تا ہے جس کیلئے متعلقہ لوگوں کو باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے ۔انہوں نے چڑیا گھر میں جانوروں کی خوراک کا بھی مناسب ریکارڈ نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ غیر تربیت یافتہ سٹاف اور قابل رحم ماحول چڑیا گھر میں جانوروں کی شرح اموات میں اضافہ کا سبب ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ چند گھنٹے وہیں رکے رہے اور ٹارچ کی روشنی میں ریکارڈ چیک کیا جس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں سامنے آئیں ۔انہوں نے اس کیس کے فرانزک آڈٹ اور نیب کو بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ بے قاعدگیوں کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا مل سکے اور آئندہ ملازمین کو اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا احساس ہو ۔نگران وزیراعلیٰ بغیر کسی سکیورٹی اور پروٹوکول کے چڑیا گھر گئے ۔ یہاں تک کہ اُن کے اس اچانک چھاپے کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین کو بھی علم تک نہیں تھا ۔