News Details

23/06/2018

ٹیکنالوجی کی اندرون ملک منتقلی اور برآمدات کی استعداد بڑھانے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواجسٹس (ر) دوست محمد خان نے ٹیکنالوجی کی اندرون ملک منتقلی اور برآمدات کی استعداد بڑھانے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں کابینہ کے اجلاس میں حتمی فیصلے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹیکنالوجی سے وابستہ اپنے ماہرین اور مطلوبہ آلات ہونے چاہئیں ہم کب تک ٹیکنالوجی میں دوسرے ممالک کے محتاج رہیں گے ۔ اگر ہمیں خود کو مضبوط کرنا ہے تو اس سلسلے میں فوری ایکشن پلان وضع کرنا ہو گا۔ انہوں نے صوبے میں مارکیٹ ڈیمانڈ اور سپلائی میں توازن قائم کرنے کیلئے ماہرین پر مشتمل سروے ٹیم تشکیل دینے اور اشیائے ضروریہ کی ڈیمانڈ و سپلائی سمیت زیر کاشت اور قابل کاشت اراضی کا سروے کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کیلئے ممکنہ حد تک کم سے کم ٹائم لائن کا تعین کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی مجوزہ لاگت کے اندر بروقت تکمیل ممکن ہوسکے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فراہم کردہ مالی معاونت کی تفصیلات اور منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ نگران صوبائی وزراء عبد الروف خان خٹک، ظفر اقبال بنگش اور ڈاکٹر سارہ صفدر، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے شعبہ ہائے توانائی ، ٹرانسپورٹ ، واٹر اور روڈز میں زیر تعمیر اور مجوزہ منصوبوں پر بریفینگ دی گئی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے شعبہ توانائی میں منصوبوں کیلئے اوپن ٹینڈر کے ذریعے بین الاقوامی معیار کے دیر پا آلات کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقیاتی منصوبوں کے لئے کنسلٹنٹس اور آلات کے سلسلے میں دیگر ممالک پر انحصار کرتے ہیں جو بہت مہنگا پڑتا ہے ۔ اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے ٹیکنالوجی کی اندرون ملک منتقلی ناگزیر ہوچکی ہے ۔ ہم کب تک چھوٹے چھوٹے آلات بھی دوسروں سے خریدتے رہیں گے ۔ ہمارے پاس اپنے ماہرین ہونے چاہئیں ۔ ریسرچ اور ریسورس سنٹر ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں پالیسی کی تشکیل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے فوری پلان وضع کرنے اور اس سلسلے میں کابینہ کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ آئندہ حکومت کیلئے مددگار ثابت ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے پاس ٹیکنالوجی ہو تو ہم اپنی مصنوعات دوسرے ملکوں کو برآمد کرسکتے ہیں جس سے فارن ایکسچینج کی استعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں بوقت ضرورت وفاقی حکومت کو بھی تجویز دے سکتی ہے تاہم اب ہمیں جاگنا ہو گا اور بحیثیت قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کا راستہ ہموار کرنا ہو گا۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم مسلسل تنزلی کی طرف جارہے ہیں۔ اگر ہم نے ریاست کو چلانا ہے تو دلیر فیصلے کرنا ہوں گے ۔ دوست محمد خان نے مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح خصوصاً شدید ضرورت کے وقت بعض اشیائے ضروریہ کے مارکیٹ میں عدم دستیابی کے مسائل کے تناظر میں مارکیٹ ڈیمانڈ اور سپلائی کا سروے کرنے اور اس سلسلے میں ماہرین پر مشتمل سروے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے زیر کاشت (بارانی و نہری ) اورقابل کاشت اراضی کا سروے کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ قابل کاشت اراضی کو زرعی مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے اور پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے مارکیٹ ڈیمانڈز سے زائد پیداوار کی سٹوریج کیلئے دیر پا طریقہ کار کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ اجلاس میں زیر تعمیر بس ریپڈ ٹرانزٹ پر اجیکٹ کی بروقت تکمیل کی بھی ہدایت کی گئی ۔ دوست محمد خان نے سیاسی بنیادوں پر تبادلوں اور تعیناتیوں کو خدمات کی انجام دہی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سیاسی تبادلوں و تعیناتیوں کا مستقل طور پر تدار ک کرنے کیلئے متعلقہ قانون / رولز میں ترمیم کو ناگزیر قرار دیا۔