News Details
29/05/2018
سانحہ مندوری کوہاٹ کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے 2کروڑ 73لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے حوالے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سانحہ مندوری کوہاٹ کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے 2کروڑ 73لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے حوالے کر دیا اور آئندہ جمعہ تک معاوضے کی تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کی وساطت سے سانحہ مندوری کوہاٹ کے متاثرین کے وفد نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پرویز خٹک سے ملاقات کی ۔ایم این اے شہر یار خان آفریدی اور ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ سانحہ مندوری ایک خوف ناک حادثہ تھا جس میں 30لوگ شہید اور 55زخمی ہوئے تھے صوبائی حکومت نے اس کیس کو خصوصی کیس کے طور پر ڈیل کیا ہے کیونکہ ہمیں غریب خاندانوں کے دکھ اور انکی تکالیف کا بخوبی احساس ہے انہوں نے اس موقع پر شہداء اور زخمیوں کیلئے معاوضے کے طور پر 2کروڑ 73لاکھ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے حوالے کیا اور جمعہ تک معاوضے کی متاثرین میں تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔