News Details

20/05/2018

چین کی معروف سرکاری کمپنی نے خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں کوڑا کرکٹ سے توانائی بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے

چین کی معروف سرکاری کمپنیChina Railway Bureau 17th Group Co. Ltd نے خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں کوڑا کرکٹ سے توانائی بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کے ساتھ باقاعدہ مفاہمتی یادشت پر دستخط ہو گئے ہیں ،مذکورہ کمپنی کا شمار پوری دنیا کی مشہور کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔مذکورہ کمپنی مردان میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے کیلئے پلانٹ کی تنصیب کرے گی جس سے تقریباً 12میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی ۔مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، صوبائی وزیرتعلیم و توانائی محمد عاطف کے علاوہ کمپنی کے نمائندے، خیبر پختونخوابورڈ آف انوسٹمنٹ ایڈ ٹریڈ کے دیگر حکام اورایم پی اے مردان افتخار مشوانی، تحصیل ناظم مردان ایوب خان، چیئرمین بی او ڈی ، ڈبلیو ایس ایس سی ایم فائق شاہ، بی او آئی ٹی کے وائس چیئرمین فیصل کریم اور متعلقہ افسران موجود تھے ، مفاہمتی یاداشت پر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان اور کمپنی کے نمائندے نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے صوبے میں ایک سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور ہماری بہترین حکمت عملی کی وجہ سے پوری دنیا کی کمپنیاں یہاں پر سرمایہ کاری کیلئے راغب ہورہی ہیں پرویز خٹک نے کہاکہ مردان میں فضلے سے توانائی بنانے کیلئے مذکورہ منصوبے سے توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی اور دوسری طرف صفائی کا بھی محرک بنے گا۔