News Details

19/05/2018

عوام کی اُمیدیں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے روز عوام پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام کی اُمیدیں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے روز عوام پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا وژن ہے کہ یہاں پردو نہیں بلکہ ایک پاکستان ہو گا جس میں امیر و غریب دونوں کا ایک ہی مقام اور حیثیت ہوگی تب ہی ہمارا ملک صحیح ترقی کرے گااور اس مقصد کے حصول کیلئے پی ٹی آئی نے عوام میں ایک سوچ پیدا کی ہے جس کی بدولت ہر جگہ عمران خان کا نعرہ لگتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بونیرسے تعلق رکھنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کارکنان و مقامی رہنماؤں عبد الناصر خان، عبد الرشید خان، عبد الروف خان، حاجی جہانزیب خان، ڈاکٹر امتیاز باچا ، عمران خان، عالمزیب خان، کرنل ریٹائرڈ سلطان زیب ، امیر قادر خان، بخت شاد خان، عبد الکریم خان، ابر ار علی شاہ کا اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ شمولیتی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر اور صوبائی وزیر کھیل و آبپاشی محمود خان بھی موجود تھے جبکہ ملک آفتاب کی سربراہی میں اے این پی کے دیرینہ کارکنان نے اپنی پارٹی سے طویل رفاقت چھوڑ کر پی ٹی آئی میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب کسی ملک پر دیانت دار اور ایماندار قیادت آتی ہے تو وہ ملک ترقی کرتا ہے اور پاکستان کو بھی عمران خان کی شکل میں ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے اور اقتدار میں آکر اس ملک کا نظام ٹھیک کریں گے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر صوبے کے نظام میں نمایاں اصلاحات کیں اور تعلیمی اداروں اور دیگر تمام سرکاری شعبوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا جبکہ تمام شعبوں کو عوام کی خدمت کا آئینہ دار بنانے کیلئے ان کیلئے نمایاں قانون سازی کی ہے اور 5 سالوں میں انتہائی کوشش کی ہے کہ اس صوبے کے ترقیاتی ڈھانچے کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سے پہلے اس صوبے پر جو بھی حکومت کرنے آئے ہیں انہوں نے اپنا ٹائم گزارا ہے اور صوبے کو اپنے ہی حالت پر چھوڑا جبکہ ہماری حکومت نے ہر شعبے میں قانون سازی کرکے انہیں مفاد عامہ کا آئینہ دار بنایا ہے۔ انہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان کو مبارکباد دی اور کہاکہ ان کی شمولیت سے پی ٹی آئی بونیر میں مزید مضبوط ہو جائے گی۔