News Details

17/05/2018

نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی یہ بات طے ہے کہ ڈاکو حکمرانوں کو سسٹم سے نکالے بغیر ترقی کے راستے نہیں کھل سکتے ۔ یہی وجہ ہے کہ عمران خان پاکستان میں لوٹ مار کے خلاف جدوجہد کررہا ہے۔ تحریک انصاف کا ایک سیاسی کردار ہے ۔پورا پاکستان تحریک انصاف کی طرف رواں دواں ہے۔ آئندہ انتخابات میں پیدا گیر اور دھوکے باز سیاستدانوں کا چوں چوں کا مربہ ختم ہو جائے گا۔ پی پی پی اور اے این پی کا دور ختم ہوچکاہے۔ یہ اقتدارکے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ مولانا فضل الرحمن کی سیاست اسلام کی نہیں بلکہ اسلام آباد کے لیے ہے۔ عوام ان کی سیاست بخوبی جان چکے ہیں۔ یہ دور تحریک انصاف کا ہے نوجوان بے فکر رہیں ۔ہم اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں کیونکہ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا ہونے کا مطلب پاکستان اور اپنے مستقبل کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔ نوجوان عمران خان کی فورس ہیں۔ عوام اورجنون کی طاقت سے چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت تحریک انصاف ہی کی ہوگی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام پور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پی کے 61 رسالپور سے جہانگیرہ، جہانگیرہ سے خیرآباد اور خیرآباد سے نظامپور کا تفصیلی دورہ کیا۔ تفصیلی دورے کے موقع پر رسالپور زنڈو بانڈہ، پیر سباق زڑہ مینہ ،مصری بانڈہ، ترلاندی، مشک علی محمد، مغلکی، میاں عیسیٰ، جہانگیرہ ،خیرآباد، جبی، مندوری، انزری، خان کوہی، کاہی اورپرانا اٹک پل پر وزیر اعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔اس موقع پر ایم پی اے ادریس خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، گلریز خان تحصیل جہانگیرہ کے نائب ناظم حمید اللہ خٹک ضلعی کونسلرز فلک نیاز، امین زادہ ،ذوالفقار خٹک، توحید عالم ، اور دیگر مقامی قائدین اور نمائندوں نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف شروع دن سے غریب عوام کے حقوق اور عزت کی بحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔عمران خان کی اس سلسلے میں ایک طویل جدوجہد ہے ۔ پی ٹی آئی نے جو ایجنڈا قوم کے سامنے رکھا تھا۔ ہم نے خیبرپختونخوا میں عمل درآمد کر کے دکھایا ہے۔ہم گزشتہ پانچ سالوں میں سابق حکمرانوں کا کئی دہائیوں سے پھیلایا ہوا گند صاف کررہے ہیں کیونکہ ہم نے اس صوبے اور ملک کو ٹھیک کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ وہ پیدا گیر سیاستدان جو اپنے دور میں عوام کی خدمت نہ کر سکے ۔عوام کو صحت، تعلیم اور انصاف جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے اور اپنی پیداگیری میں لگے رہے ۔وہ ایک بار پھر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد اور غلط پروپیگنڈے شروع کر رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے ان پیداگیر سیاستدانوں کے ادوار کو بھی بڑے قریب سے دیکھا ہے اور سب کو جانتے ہیں اور سب کا کردار اُن کے سامنے ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہا کہ سابق دور میں رشوت ، سفارش اور اقرباء پروری اپنے عروج پر تھی ۔ ایزی لوڈ کلچر نے صوبے کو تباہ کر دیا تھا۔ اگر عوام بروقت درست فیصلہ کرتے تو اُنہیں فریادیں نہ کرنی پڑتیں ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان میں بجلی ، پانی ، تعلیم ، صحت جیسے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے مگر ہمیں ان تمام مسائل کی جڑ کو اُکھاڑ کر باہر پھینکنا ہو گا۔ ان سارے مسائل کی بنیادی جڑ کرپٹ سسٹم اور ڈاکو حکمران ہیں جنکی کرپشن کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان بدنام ہو چکا ہے ۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ نااہل حکمرانوں کو اب بھی غیرت نہیں آئی ۔ یہ کہتے ہیں کہ ہماری عزت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔ یعنی کرپشن کرنا ، چوری کرنا یا چوری کرتے ہوئے پکڑے جانا اور نااہل ہوجانا ان کے نزدیک کوئی بات ہی نہیں ہے اور نہ ہی یہ ان جرائم کو جرم سمجھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا کہ نااہل اور کرپٹ اشرافیہ کی چاکری کے بجائے اپنے مستقبل کیلئے کھڑے ہوں کب تک ہم ایک محدود طبقے کی خوشحالی کی خاطر اپنے مستقبل پر سمجھوتہ کرتے رہیں گے ۔ تحریک انصاف کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج طاقتور ترین سیاستدان بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اس وقت پورے ملک میں متوسط طبقے کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور خیبر پختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر عوام و خواص پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ صوبے کے تمام حلقوں میں بہترین اُمیدوار سامنے لائیں گے ۔ یہ نوجوانوں کی پارٹی ہے ۔ اس کا مقابلہ کسی کے بس کی بات نہیں۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ بے فکر رہیں اُن کا مستقبل اب عمران خان کے ہاتھوں میں ہے ۔ڈرامہ بازوں پر توجہ نہ دیں بلکہ اپنے اہداف پر نظر رکھیں ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اس کے قیام کے پیچھے طویل جدوجہد اور لاکھوں قربانیاں شامل ہیں۔ اس ملک کو ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا مگر کرپٹ اور مفاد پرست عناصر نے اس کو وہ ریاست نہیں بننے دیا جو قا ئداعظم اور علامہ اقبال کے تصور میں تھی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بہترین جغرافیہ اور قیمتی وسائل سے نوازا ہے ۔ ایک عظیم ملک بننے کی اس میں تمام صلاحیتیں موجود ہیں مگر کمی صرف ایماندار قیادت کی رہی ہے کیونکہ کرپٹ حکمرانوں نے اس ملک کو آج تک اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے نہیں دیا ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی صورت میں ہمیں ایک پرعزم ، ایماندار ، مخلص ، متحرک اور شفاف لیڈر ملا ہے جس کی قیادت میں ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے ۔ یہ ہمارا منشور ہے اور یہی ہماری منزل ہے جس پر ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے نوشہرہ کلاں میں زنڈو بانڈہ ، پیر سباق ، علی محمد ، میاں عیسیٰ، نندرک اور مغلکی جبکہ نظام پور میں خیر آباد سمیت مختلف جگہوں کا دورہ کیا اورمختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔