News Details

15/05/2018

حکومت نے علمائے کرام اور اقلیتی برادری کیلئے ماہانہ اعزازیے کیلئے وسائل پہلے ہی جاری کردیئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ہدایت کی ہے کہ حکومت نے علمائے کرام اور اقلیتی برادری کیلئے ماہانہ اعزازیے کیلئے وسائل پہلے ہی جاری کردیئے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ اعزازیے کی رقم وضع کئے گئے طریقہ کار کے مطابق شفاف انداز میں علماء اور اقلیتی برادری کے مذہبی رہنماؤں تک جلد ازجلد پہنچ جانی چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں علماء کو فکر معاش سے آزاد کرنے کیلئے کسی حکومت کو توفیق نہیں ہوئی ۔اس اعزاز کا تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہمیں حاصل ہونا اﷲ کی طرف سے ہمارے لئے انعام سے کم نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں علمائے کرام اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں کو ماہانہ اعزازیہ دینے کے حوالے سے متعلقہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ہائے خزانہ ، زکوٰۃ و سماجی بہبود، محکمہ اسٹبلشمنٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے ضلع ایبٹ آباد کے نو منتخب ضلعی ناظم ، صوبائی وزیر مشتاق غنی کی قیادت میں وفود سے ملاقات کے علاوہ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کی کابینہ سے حلف لیا اور خطاب کیا اور وزیراعلیٰ نے نوشہرہ کینٹ کے ایک 30 رکنی وفد سے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مذہبی رہنما سکون قلب کے ساتھ عبادات کیلئے یکسو ہوں، عوام کو معاشرے کے اچھے برے کے مابین فرق پر درس دیں خود بھی سکون اور اطمینان حاصل کریں اور اﷲ کی مخلوق کو بھی معاشرتی بگاڑ کے خلاف تربیت کریں ۔ہمارے معاشرے کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اس معاشرے کی ہر اکائی کو پورے اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داری کی پہچان اور ادائیگی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی عوام کو متحرک کرکے فعال معاشرے کے خدوخال وضع کر چکی ہے تاہم یہ کل وقتی کام ہے جو عوامی بیداری سے مشروط ہے اس کل وقتی کام کیلئے ہمیں ذاتی سیاست اور اپنی پسند و ناپسند کو پس پشت ڈالنا ہوگا۔ہمارے معاشرے میں موجود ناسور اور ہمارے بیرونی دشمن کے اپنے اپنے مقاصد ہیں ۔ ہم نے ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔ ہماری قوم نے متعدد مواقع پر بڑے بڑے چیلنجز پر قابو پالیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ ہم جیسا توانا اور باشعور قوم شاید ہی کوئی ہو۔فرق صرف اچھے لیڈر شپ اور وژن کی ہے۔ہمیں عمران خان کی شکل میں بہترین لیڈر شپ میسر ہوئی ہے جس کا پاکستان کیلئے وژن واضح اور ترقی کار استہ دکھاتی ہے ۔اس موقع پر عوام کو شعور دینا اور متحرک کرنا ہمیں کامیاب مستقبل کی طرف لیکر جا سکتا ہے۔ہم ایک بار پھر تاریخ کے ایک ایسے دوہرائے پر آکھڑے ہوئے ہیں جہاں ہماری ہر قدم ہر قسم کی لرزش سے پاک ہو ۔ ہم اپنی صفوں میں موجود دشمنوں کو پہچانیں اور اُس کو چاروں شانے چت کریں ۔یہی مظاہرہ عوام نے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں کرنا ہے ۔ علماء کے اعزازیے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے علمائے کرام اور اقلیتی برادری کے مذہبی رہنماؤں کے اعزازیے کا منصوبہ اس غرض سے شروع کیا ہے تاکہ معاشرے میں ہمارے دینی اسلاف و مذہبی رہنماؤں کی عزت اور وقار بلند ہو اورا قلیتی برادری کو بھی اس صوبے کے برابر شہری تصور کیا جائے۔ یہ ہماری حکومت ہے جنہوں نے آئمہ کرام کی فلاح و بہبود کیلئے یہ انقلابی منصوبہ شروع کیا حالانکہ ہم سے پہلے کئی حکومتیں گزر چکی ہیں اور ایم ایم اے نے بھی پانچ سال اس صوبے پرحکومت کی ہے تاہم وہ یہ کام نہ کر سکے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ جات کے حکام سے مذکورہ اعزازیہ کے اجراء کے حوالے سے تازہ صورت حال کے بارے میں دریافت کیا اور ہر محکمہ کو اس حوالے سے جلد از جلد ضروری عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ زکوٰۃ نے ماہانہ اعزازیے کے حوالے سے اعداد و شمار کا ریکارڈ متعلقہ حکام کو ارسال کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے اور ضلعی زکوٰۃ آفیسرز کو اس سلسلے میں ضروری کوائف اور لسٹوں کے بھیجنے کے بعد رقوم کا اجراء شروع ہو جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مذکورہ اعزازیے کا اجراء بلا کسی رکاوٹ جلد از جلد کیا جائے تاکہ علمائے کرام اور اقلیتی رہنماء صوبائی حکومت کے اس شروع کردہ منصوبے کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔ ضلعی ناظم ایبٹ آباد اور مشتاق غنی سمیت مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت کا متعارف کردہ مقامی حکومتوں کا نظام دنیا کے بہترین لوکل گورنمنٹ سسٹمز میں سے ایک ہے ۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی خوبصورتی نچلے لیول پر لوگوں کی بنیادی ضروریات کو سمجھنا ہے۔اس سے پہلے کسی حکومت نے حقیقی معنوں میں اختیارات اور اتھارٹی کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا سوچا تک نہیں تھا جبکہ ماضی میں اختیارات اور اتھارٹی کو اپنے پاس رکھنے کے عمل کے سیاسی مقاصد تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق لوکل گورنمنٹ سسٹم کی کامیابی کیلئے نچلی سطح پر لوگوں کی اجتماعی فیصلہ سازی اور فیصلہ سازی میں مقامی لوگوں کو شریک کرنا سارے لوکل گورنمنٹ سسٹم کی کامیابی کیلئے ضروری ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت نے مقامی سطح پر ایک مضبوط اور مستحکم گورننس سٹم طرز حکمرانی کیلئے ایک نئے مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے جس میں حکومتی مشینری عوامی ضروریات کیلئے جواب دہ ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ لوکل سسٹم کا فروغ ، اس کی منتقلی کے ذریعے جاری رہے گا۔اس وقت منتخب ادارے شاید اپنے اختیارات اور ذمہ داریوں سے آگاہ نہ ہوں لیکن جب وہ اپنے اختیارات اور ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہو کر کام شروع کریں گے تو وہ مقامی سطح پر موثر اور بروقت خدمات کی فراہمی کیلئے عوام کو جوابدہ بھی ہو جائیں گے۔انہوں نے تمام ضلع ناظمین پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں اپنے عملے اور کارکنوں کو ان کے فرائض کی ایمانداری سے ادائیگی کیلئے ان کے احساس خدمت اور ایمانداری کو بھی بیدار کریں۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کی نو منتخب کابینہ اور ارکان صوبے میں نوجوانوں کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں کریں گے اور اپنے فرائض اور ذمہ داریوں میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اسمبلی کو ایک مکمل سٹر کچر دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ احسن طریقے سے ہر شعبہ زندگی میں ترقی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا نوجوان بہت آگے نکل چکا ہے اورگزشتہ نسلوں سے یہ کئی پہلوؤں پر علم و ٹیکنالوجی کے حوالے سے آگے ہے یہی وجہ ہے کہ آج کا نوجوان معاشرے کو سدھارنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے یوتھ اسمبلی کی کابینہ اور ارکان سے کہا کہ تمام شعبوں میں تیزی لانے کیلئے وہ اپنی مفید تجاویز اور سفارشات دے سکتے ہیں تاکہ ان کی روشنی میں زندگی سے وابستہ شعبہ جات کی مزید بہتری کیلئے کو پیش کی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب میں یوتھ اسمبلی کے وزراء ، سپیکر، وزیر اعلیٰ اور دیگر کابینہ اراکین سے انکے عہدوں کا حلف لیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کو مبارکباد دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یوتھ اسمبلی کا conceptایک اچھا اقدام ہے اور یہی نوجوان صوبے کے نوجوان طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور نوجوانوں نے ہی تبدیلی چاہی جس کا نعرہ عمران خان نے لگایا اور ان نوجوانوں کی بدولت صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومتی کارکردگی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نظام میں ووٹ لینے والے ممبران کا بنیادی کام قانون سازی کرنا اور پالیسیاں بنانا ہوتا ہے جسکے لئے اپنی حکومت میں ہم نے انتھک کوشش کی اور ہر شعبے کو صحیح پٹری پر ڈالنے کیلئے قانون سازی کی جبکہ ہر شعبے میں نئی پالیسیاں متعارف کیں اور مثبت اصلاحات لائے تاکہ پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اگر کسی ملک میں میرٹ کا نظام نہ ہو اور اداروں میں سیاسی مداخلت ہو توپھر وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا اس لئے ہم نے اداروں میں سیاسی مداخلت کا راستہ بند کیا ہے اور ہر شعبے میں میرٹ کا نظام لائے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صحت کا نظام ٹھیک کیا۔ تعلیمی اداروں کو ماڈل بنا دیا جبکہ پولیس سسٹم کو غیر سیاسی کر دیا تاکہ ہر شعبہ عوامی خدمات کی بجا آوری کا آئینہ دار ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ایماندار قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا آگے جبکہ ہم پیچھے جارہے ہیں ، باہر ممالک خوشحالی کی طرف اور ہم پستی کی طرف جار ہے ہیں اس لئے ایماندار قیادت لانے کیلئے ایک سوچ پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ نئی یوتھ اسمبلی اور اس کی کابینہ اپنے آئین کر پاسداری کرے گی اور نوجوانوں کی ترقی اور وقار کیلئے کوشاں رہے گی۔ انہوں نے یوتھ اسمبلی کیلئے مالی تعاون کا یقین دلایا۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف ایک ایسی جدوجہد کا نام ہے جو ملک میں عوام کو نا انصافیوں سے نجات دلانے کیلئے عمران خان کی قیادت میں کی جارہی ہے ۔ اگر عوام چاہتے ہیں کہ اس ملک میں ظلم ، نا انصافی، اقرباء پروری کا خاتمہ ہو اور ملک کا نظام صحیح پٹری پر چلیں تو انہیں پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا۔ ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے اپنا پروگرام شروع کیا ہے اور اس ملک کو صحیح نظام پر چلانے کیلئے عوام پی ٹی آئی کوووٹ دیں گے ۔ نوشہرہ کے 30 رکنی وفد سمیت دیگر وفود نے اپنے پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔30 رکنی وفد نے اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اس ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک خاص وژن کے تحت جدوجہد شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کیلئے نظام کی درستگی ضروری ہے اور یہاں پر نظام ٹھیک نہ ہو تو 100 سالوں میں بھی ترقی نہیں آسکتی اسلئے تحریک انصاف کی جدوجہد نظام کو صحیح راستے پر لانے کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن ممالک نے ترقی کیلئے ایک سوچ اپنائی ہے تووہاں نظام کی تبدیلی کے باعث ترقی آئی ہے اور اس سلسلے میں چین ، ملائشیا و دیگر ممالک آج بہت نکل گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے صوبے میں جب حکومت سنبھالی تو تب سے 5 سالوں کے دوران صحت، تعلیم کے شعبوں ، روزگار اور نظام کی درستگی کیلئے انتہائی کو ششیں کیں اور مفت صحت انصاف کارڈ کے اجراء کے ساتھ سکولوں میں اساتذہ اور دیگر ضروریات کی کمی کو پورا کیا۔ پولیس کا نظام ٹھیک کیا اور روزگار کے سلسلے میں بھرتیوں کا عمل شفاف کیا اور میرٹ کو عام کیا کیونکہ جب سرکاری شعبے میں میرٹ پر لوگ بھرتی ہوں گے تو وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کریں گے ۔انہوں نے اس ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے اجتماعی سوچ بدلنے پر زور دیا اور کہاکہ اگر عوام نے اس ملک کی ترقی کیلئے اپنی سوچ تبدیل کی اور ملک کیلئے سوچا تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کے فیصلے کو سراہا اور کہاکہ انہوں نے ملک کے مستقبل کیلئے ایک فیصلہ کیا ہے ۔