News Details
11/05/2018
ہمارا اصل دشمن کرپشن ، اقرباء پروری ، میرٹ کی پامالی اور عوامی محرومی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ قوم کو سیاست زدہ نظام کے نتائج بھگتنے پڑے۔ ہمارا اصل دشمن کرپشن ، اقرباء پروری ، میرٹ کی پامالی اور عوامی محرومی ہے ۔ ان عوامل کے خلاف جدوجہد پی ٹی آئی کے اہداف ہیں۔ انصاف عام کرنے ، محرومی ختم کرنے اور انصاف پر مبنی فعال معاشرے کے قیام کیلئے ہمیں کینسر زدہ نظام کی جڑیں ہلانی ہے۔ آج کا خیبرپختونخوا کل کے تباہ حال خیبرپختونخوا سے بہت بہتر ہے ۔یہ بہتری نظام کی بہتری اور اداروں کو سیاست سے آزاد کرکے ان کو خودمختار بنانے سے ممکن ہوتی ہے ۔پانچ سالہ کارکردگی نے پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ کیا ۔ عمران خان وزیراعظم بن کر ملک کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف صوابی میں خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر اور وی سی صوابی یونیورسٹی ڈاکٹر امتیاز علی نے بھی خطاب کیاجبکہ ایم این اے عثمان خان ترکئی اور ایم پی اے محمد علی اور طلباء کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب اوپر لیڈرٹھیک ہو ، کرپٹ نہ ہو تو اثرات نیچے تک جاتے ہیں۔ اگر لیڈر کرپٹ ہو تو کرپشن ختم نہیں ہو سکتی ۔ ہم نے ساڑھے چار سال جدوجہد کی اور نئے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے۔تعلیم پر توجہ دینے سے آغاز کیا۔ بنیادی تعلیم جو سکولز میں ملتی ہے اس سے ہم نے شروع کیا اُستاد کی حاضری یقینی بنائی ۔65 سال میں کسی نے سرکاری سکولوں کے بچوں کی حالت پر توجہ نہیں دی ۔ہم الیکشن میں ایک نعرے کے ساتھ آئے عمران خان نے تبدیلی کا پروگرام دیا۔ ہم نے پانچ سال تبدیلی کیلئے کو شش کی ۔ قوانین بنائے کیونکہ ارکان اسمبلی قانون ساز ہے اور حکومت کا کام اس قانون پر عمل درآمد کرانا ہے۔سیاستدانوں نے ہر معاملے میں ٹانگ اڑانا شروع کی ، نظام کو تباہ کیا۔ سیاسی مداخلت نے سسٹم خراب کیا ۔ ہمارے مقابلے میں دیگر ممالک نے نظام کو درست کرنے پر توجہ دی اور ادارے مستحکم کئے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ جب ہماری حکومت آئی تو کوئی وی سی میرٹ پر بھرتی نہیں ہوتا تھا۔ ہم نے ڈاکٹر عطاء الرحمن کی سرکردگی میں سرچ کمیٹی بنائی اور میرٹ پر وی سی تعینات کئے۔جب تک لیڈر ایماندار نہ ہو کوئی ادارہ آگے نہیں جا سکتا ۔ہماراملک بہترین اورخوبصورت ملک ہے ہمیں کسی کی ضرورت نہیں لیکن ماضی میں حکومتوں نے ٹائم پاس کیا۔ ان کا کوئی وژن ہی نہیں تھا۔ ان کو پتہ نہیں تھا کہ پولیس کیا کر رہی ہے ۔ ہسپتال میں ڈاکٹر ہیں یا نہیں۔ سکولوں میں اساتذہ ہیں کہ نہیں ، سکولوں میں سہولیات ہیں کہ نہیں ۔آئین کہتا ہے کہ حکومت شہریوں کو بہترین تعلیم دے اور بہترین صحت کا نظام دے ۔ عمران خان کو کہا کہ پاکستان کو ویلفیئر سٹیٹ بنانے کا اعلان کریں جو ہمارے دین کا بھی تقاضہ ہے ۔ ہم بیروزگاروں کو بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔ تعلیم ضروری ہے ۔غریبوں کے مفت علاج کے لئے صحت انصاف کارڈکا اجراء کیا۔پولیس وہی پولیس ہے مگر آج ایک قابل فخر فورس بن چکی ہے کیونکہ اُس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا تو انہوں نے کارکردگی دکھانی شروع کر دی ۔ سیاسی بنیادوں پر آنے والا کبھی ڈیلیور نہیں کر سکتا وہ لوگوں کا بیڑہ غرق کرتا ہے۔ ہم نے طبی آلات کے لئے اربوں روپے فنڈز دیئے،ہم نے سہولتیں ، فنڈز ، ٹیچرز ، ڈاکٹرز ، آلات فراہم کئے تو اب کارکردگی پوچھنا ہمارا حق ہے۔پی ٹی آئی نے دوبارہ آنا ہے ۔ عمران خان نے وزیراعظم بننا ہے ۔ ہم نے جو بنیاد رکھی ہے اس پر خوبصورت عمارت بنانی ہے ۔ یہ صوبہ بہت آگے جائے گا۔ قوانین ہم نے بنا لئے ہیں لوگ عدالتوں میں گئے ہم نے عوام کیلئے مقابلہ کیا عدالتوں میں کیس جیتے۔طلباء کو یقین دلاتا ہوں کہ اُن کی فلاح و بہبود کیلئے سب کچھ کریں گے ۔ان ڈور گیمز کیلئے ہال بھی بنائیں گے ۔نظام ایک سال میں ٹھیک نہیں ہوتا اس کے نتائج کچھ وقت میں نظر آئیں گے ۔ صوبہ بد حال اور دھماکے ہورہے تھے۔ بھتہ خوری اور اغواء عروج پر تھا۔ سرمایہ کار بھاگ گئے تھے ۔ آج امن و امان بحال ، انوسٹمنٹ آرہی ہے۔ہمیں سکول، ہسپتال ، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ملیں۔ کرائے کی بلڈنگ میں سابقہ حکومتوں نے یونیورسٹیاں شروع کیں جن کی بلڈنگز کے لئے فنڈز ہم نے دیئے ۔ پرائمری سکول دو کمروں اور دو ٹیچرز پر مشتمل تھا ہم نے 6 کمرے اور 6 ٹیچرز متعارف کرائے ۔57 ہزار ٹیچرز میرٹ پر بھرتی کئے ۔ ہزاروں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کوبھرتی کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے صوابی یونیورسٹی میں نئے تعمیر شدہ بلاک کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے صوابی یونیورسٹی کیلئے80 کروڑ روپے دیئے اور ایچ ای سی نے بھی تعاون کیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو کوالٹی ایجوکیشن میسر ہو گی ۔سی پیک میں بڑے مواقع ہیں جس سے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ اس کے علاوہ گدون ٹیکنکل کمپلیکس ۔ٹیکنکل یونیورسٹی میں آئندہ حکومت کے دوران ایجوکیشن سٹی کیلئے 80 ہزار کنال زمین ایکوائرکی ہے ۔