News Details

02/05/2018

رشکئی صنعتی زون پر کام کا افتتاح اگلے مہینے کیا جا رہا ہے جس کی بدولت علاقے میں معاشی سرگرمیوں کے نئے دور کا آغاز ہو گا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ رشکئی صنعتی زون پر کام کا افتتاح اگلے مہینے کیا جا رہا ہے جس کی بدولت علاقے میں معاشی سرگرمیوں کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے علاوہ لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنے گی انہوں نے ازمک حکام کو ہدایت کی کہ اس صنعتی زون میں روزگار اور کاروبار ی سرگرمیوں کے سلسلے میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے کیونکہ انہوں نے اس مقصد کیلئے اپنی قیمتی اراضی وقف کی اور مزید کئی قربانیاں دی ہیں وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں رشکئی زون کے اراضی مالکان کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس میں ازمک ، سرحد ترقیاتی ادارہ ،صوبائی ہاؤسنگ اتھارٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے اس موقع پراراضی مالکان، سرحد ترقیاتی ادارہ اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے مابین معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت صنعتی زون کی کاروباری و رہائشی سہولیات اور سرگرمیوں میں مالکان کو مناسب مراعات دی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے صنعتی زون میں مقامی لوگوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع کے علاوہ تربیتی اور قرضوں کی سہولیات میں بھی ترجیح دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ صوبے کی صنعتی اور معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اہل علاقہ اور اراضی مالکان ان سہولیات سے مناسب استفادہ کرتے ہوئے صنعت و حرفت کی ترقی میں ازمک اور دیگر اداروں سے پورا تعاون کریں گے۔