News Details

02/05/2018

صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلوں کا قیام انتظامی سہولت کے علاوہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوتا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلوں کا قیام انتظامی سہولت کے علاوہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوتا ہے البتہ انکی حد بندیوں سے متعلق اختلافات کو عوامی سطح پر زیر بحث لانے اورانہیں طول دینے کی بجائے انتظامی اقدامات کے ذریعے بر وقت حل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی صورتحال کوہستان میں بھی درپیش ہے جس پر اہل کوہستان کو لڑنے جھگڑنے کی بجائے حکومت اور انتظامیہ پر اعتماد کرکے قانون کے مطابق خوش اسلوبی سے حل کرنے کی راہ اپنانی چاہئے وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں کوہستان کی چھوڑ وادی کی حد بندی سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے واضح رہے کہ اس وادی کی ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی یا کوہستان ضلع میں شمولیت اور حد بندی پر اہل علاقہ کے اختلافات ہیں اجلاس میں کوہستان سے رکن صوبائی اسمبلی زرگل خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،کمشنرہزارہ،کوہستان و بٹگرام کے ڈپٹی کمشنروں اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ فریقین کی جانب سے رکن قومی اسمبلی پرنس نواز خان الائی اور مولاناعصمت اللہ نے شرکت کی وزیر اعلیٰ نے مسئلے کے پائیدار حل کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وادی چھوڑکی حد بندی کیلئے باؤنڈری کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ مسئلے کا ٹھوس حل نکالا جا سکے اور حقائق کی بنیاد پر اسکی کسی بھی تحصیل میں شمولیت کا تعین ہو سکے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقامی لوگ مسئلے کے حل میں باؤنڈری کمیشن اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے جو پورے علاقے اور یہاں کے عوام کے عین مفاد میں ہے فریقین نے تنازعہ کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور باؤنڈری کمیشن سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔