News Details
01/05/2018
معاشرے میں محنت کش طبقہ کی عزت ، وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقہ کی عزت ، وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ملک میں مزدروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر فورس نہیں تھی مزدوروں کو ہمیشہ اقتدار کا زینہ بنایا گیا اور ان پر ایسے لوگ مسلط کئے گئے جو انکا استحصال کرتے رہے پاکستان تحریک انصاف مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی فلاح کیلئے منشور لے کر آئی جس کے تحت صوبے میں دیرپا اقدامات کئے گئے ہیں جو محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرجاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اور معاشرے کی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مزدور معاشرے کا بنیادی حصہ اور خوشحالی کا ایک اہم عامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ معاشرے جو اپنے محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں، ترقی کی منازل طے کرتے ہیں ۔ اسلام محنت کی عظمت پر زور دیتا ہے اور مزدور کے حقوق کی ادائیگی کی تعلیم دیتا ہے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف قوم کی مجموعی خوشحالی میں محنت کشوں کے بنیادی کردار کو تسلیم کر تی ہے موجودہ صوبائی حکومت کو محنت کش طبقہ کی اہمیت کا احساس ہے اور اسلئے انکی فلاح کیلئے اقدامات اُٹھار ہی ہے۔ صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے ۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں اس کے علاوہ بیمار صنعتوں کے احیا ء اور صوبے میں صنعتی زون کا قیام محنت کشوں کیلئے روزگار کے مواقع یقینی بنانے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔پرویز خٹک نے مزید کہا کہ مزدوروں اور محنت کشوں سمیت معاشی مشکلات سے دوچار تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بناکر قومی یکجہتی کی فضا ء پیدا کرنے کیلئے قومی سطح پر قابل عمل پالیسیاں ناگزیر ہیں تاکہ ایک متوازن اور خوشحال معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے ۔