News Details

30/04/2018

ہمیں چوروں اور لٹیروں کا پاکستان نہیں چاہیئے۔ہم حقیقی معنوں میں قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ایک خوبصورت پاکستان چاہتے ہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں چوروں اور لٹیروں کا پاکستان نہیں چاہیئے۔ہم حقیقی معنوں میں قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ایک خوبصورت پاکستان چاہتے ہیں جس میں سب کو فلاح و ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں اور عام آدمی کو بھی سرمایہ دار جیسی عزت ملے ۔پاکستان کو عمران خان جیسے ایماندار لیڈ کی ضرورت ہے اگر قوم ایک پاکستان بنانا چاہتی ہے تو سب کو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اس کے سواکوئی دوسرا راستہ موجود نہیں جب عمران خان کی قیادت میں ہم چوروں اورلٹیروں کو باہر نکالیں گے تو عام آدمی کو انصاف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر قائدین نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے بانی پاکستان قائد اعظم کے وژن کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے سوال کیا کہ کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کا خواب علامہ اقبال نہیں دیکھا تھا اور قاعداعظم نے جس کی تعبیر کی تھی کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کے لئے لاکھوں قربانیاں دی گئیں انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ وہی پاکستان ہے جس میں عوام کو تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں انصاف ملنا تھا انہوں نے کہاکہ یہ وہ پاکستان نہیں ہے جو ہمارے اسلاف کا خواب تھا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج تک کبھی کسی نے سوچا کہ 70 سالوں سے یہ تماشا کس نے مچایا عام آدمی کو تعلیم سے بیدخل کس نے کیا اور کس نے عوامی خدمات کے اداروں کو تباہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان نہیں چاہتے جس میں ایک محدود طبقہ خوشحال ہو اور عام آدمی روزگار کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھاتا پھرے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ایسے پاکستان کی ضرورت ہے جس میں تمام شہریوں کو ترقی اور خوشحالی کے مواقع میسر ہوں ۔ ایک ایسا پاکستان جو قائداعظم کی اُمنگوں کا حقیقی ترجمان ہو۔ ہم ایک ایسے پاکستان کی تشکیل چاہتے ہیں جس میں طاقتور اور کمزور سب قانون کو جوابدہ ہوں ۔ پاکستان تحریک انصاف ملک میں کئی دہائیوں سے جاری نااہل حکمرانوں کی لوٹ مار کے خلاف کھڑی ہے ۔حکمرانوں نے غریب کے ساتھ ناانصافی کرکے بہت بڑا ظلم کیا ہے جو ناقابل معافی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے اپنے ایجنڈے کے مطابق خیبرپختونخوا میں پانچ سال کے مختصر عرصے میں نظام کی تبدیلی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب انہوں نے صوبے میں حکومت بنائی تو بدامنی اپنے عروج پر تھی ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کو حکمرانوں نے تباہ کر دیا تھا ۔ صوبا ئی حکومت کے اقدامات ، قوانین اور اصلاحات کا نتیجہ یہ ہے کہ آج صوبہ بھر میں امن قائم ہو چکا ہے ۔وہ ڈرپوک لیڈر جو ہیلی کاپٹر سے نیچے نہیں آسکتے تھے وہ بھی آج ہمارے اقدامات کی وجہ سے عوام میں بے خوف گھومتے ہیں اور جلسے کرتے ہیں۔ وہ سرمایہ کار جو صوبے میں بد امنی اور بے چینی کے ماحول سے خوفزدہ ہو کر صوبے کو چھوڑ کر باہر جارہے تھے اب اُن کا اعتما د بحال ہو چکا ہے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک سے بھی سرمایہ کار خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری کیلئے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم، صحت اور دیگر تمام شعبوں میں قابل عمل اصلاحات کی گئی ہیں۔ عوام ہمارے اقدامات سے خوش ہیں اور تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں کرپٹ اشرافیہ کے راج کو ختم کرکے شفاف نظام کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے وہ تیز رفتاری کے ساتھ اپنی منزل کی طرف گامزن ہے ۔آج پی ٹی آئی متوسط طبقے کی واحد نمائندہ جماعت بن چکی ہے ۔ قوم نے نئے پاکستان کیلئے پی ٹی آئی کی قیادت پر اعتما د کیا ہے جس کے نتائج آج دیکھے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی نوجوانوں کی جماعت ہے جس کا مقابلہ کسی دوسری سیاسی جماعت کے بس میں نہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔