News Details
26/04/2018
صوبے بھر کی پروفیسرز برادری کیلئے پانچ درجاتی فارمولے کی منظوری
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے بھر کی پروفیسرز برادری کیلئے پانچ درجاتی فارمولے کی منظوری دی ہے اس کا انکشاف انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پروفیسرز کے وفد سے ملاقات میں کیا صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی،محکمہ خزانہ، اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے فارمولے کے تحت گریڈ21کی 37آسامیاں ، گریڈ 20کی 178آسامیاں، گریڈ 19کی 521آسامیاں اور گریڈ 18کی 487آسامیاں بھی تخلیق کی گئیں ۔وزیر اعلیٰ نے صوبے کی 98کالجوں کے پروفیسرز کیلئے 5000روپے ماہانہ کے حساب سے بی ایس الاؤنس کی منظوری بھی دی انہوں نے 5000روپے ایم فل الاؤنس اور 12500روپے پی ایچ ڈی الاؤنس کے اضافے سے بھی اتفاق کیا انہوں نے پروفیسرز کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری بھی دی تاہم اس الاؤنس کی حقیقت پسندانہ بنیادوں پر تشریح لازمی ہو گی وزیر اعلیٰ نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کو ترقیوں سے جوڑنے کی منظوری بھی دی جو پانچ سال کے بعد قابل عمل ہوگی پرویز خٹک نے ان مراعات پر پروفیسرز برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے طلبا کی بہترین تعلیم اور کردار سازی پر توجہ دیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے انہیں بہترمراعات دے کر اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے اور اب ان کا فرض ہے کہ وہ تعلیم کے شعبے میں طلبا اور والدین کو مطمئن کریں دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے 2010کے شہدائے ایبٹ آباد کے خاندانوں کیلئے معاوضے کے پیکج سے بھی اتفاق کیا اور محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ایک سمری بھیجے یہ معاملہ وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں 2010میں ایبٹ آباد کے شہداء سے متعلق ایک اجلاس کے دوران وزیر تعلیم لائے تھے ۔پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر عوام کو انصاف اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔