News Details
12/04/2018
تباہ حال حکومتی نظام کی اصلاح کوئی آسان کام نہیں تھا مگر ہم نے پورے عزم اور قوت ارادی کے ساتھ صوبے کے بگڑے معاملات سلجھانے کی کوشش کی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تباہ حال حکومتی نظام کی اصلاح کوئی آسان کام نہیں تھا مگر ہم نے پورے عزم اور قوت ارادی کے ساتھ صوبے کے بگڑے معاملات سلجھانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تمام شعبوں میں متعارف کی جانے والی اصلاحات کو مستقل بنانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی تاکہ عوام ان کے ثمرات سے دائمی طور پر مستفید ہوں اُنہیں انصاف اور ریلیف ملے اور وہ خود کار حکومتی اورادارہ جاتی خدمات سے بہر ہ ور ہوں۔ وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس کے آغاز پر صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام بالخصوص غریب طبقوں کو تمام شعبوں میں بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے شفاف اور منصفانہ نظام کی ضرورت تھی اور ہم نے اپنا یہ عہد بطریق احسن نبھانے کی پور ی کوشش کی اور باقاعدہ قانون سازی کے ذریعے کرپشن سے پاک فلاحی نظام حکومت کی داغ بیل ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں بچوں کو جسمانی سزا کے روک تھام کیلئے قانون کی باضابطہ منظوری دے دی ہے اور اس ضمن میں ابہام کا خاتمہ کرکے متعلقہ ایکٹ کو مزید شفاف بنا دیا ہے۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر واپڈا سے رابطہ کرکے پن بجلی منافع کے 22 ارب روپے واگزار کرائیں انہوں نے کہاکہ معیار تعلیم کی بہتری کیلئے 83 ہزار اساتذہ کی تربیت اور سکولوں کے معیار کو بلند کرنے کیلئے مزید ٹھو س اقدامات کئے جارہے ہیں اُن کی حکومت معیار تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس ضمن میں سزا و جزا کی پالیسی جاری رکھی جائے گی تاکہ غریب کو بھی اُتناہی فائدہ ملے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بینک آف خیبر کیلئے مستقل منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تین سال کیلئے قانون کے دائرہ اختیار میں طریقہ کار کی منظوری صوبائی حکومت کا ایک اچھا فیصلہ ہے جسے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے قواعد کے تحت باقاعدہ قانونی شکل میں آگے بڑھایا جائے گا۔ کابینہ نے ضلع چارسدہ کی ترقیاتی فنڈز کی منظوری دیدی ۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کیلئے منصفانہ اور یکساں تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں ٹی ایم ایز اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام سٹریٹ لائٹس سمیت سولرائزیشن کے ناقص معیار کا سختی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے ٹی ایم ایز اور سکولوں میں سولرائزیشن کا بہتر معیار یقینی بنانے کیلئے سٹینڈر ڈائزیشن کا عمل تیز بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے کریمنل پروسیجر ایکٹ میں ترامیم وفاق کو بھیج دی ہیں۔ صوبائی حکومت سول پروسیجر ایکٹ میں پہلے ہی ترمیم کر چکی ہے جس کی روشنی میں ایک سال میں دیوانی مقدمات کا فیصلہ ہو سکے گا۔ پرانا سول پروسیجر ایکٹ 108 سال پرانا تھا حکومت کے اس اقدام سے تیز تر انصاف کی راہ ہموار ہو گی ۔وزیراعلیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو بہتر انصاف کیلئے اقدامات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ منصوبے کیلئے بسوں کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔بی آر ٹی کی تکمیل ٹائم ٹیگ سے لنک ہو گا۔یہ دُنیا کا تیز ترین ٹریک ہو گاجو زیادہ وسیع اور بہترین سہولیات سے مزین ہو گا۔انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی بہترین سفری سہولیات اور منافع بخش پراجیکٹ ہے۔یہ خسارے والا پراجیکٹ نہیں نہ اس کو سبسڈی پر چلایا جائے گابلکہ یہ شہریوں کیلئے بہترین سفری سہولیات کے علاوہ زیادہ منافع کمائے گا۔