News Details

06/02/2018

یوم کشمیر کے موقع پر پیغام

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم کشمیر کے موقع پر پیغام وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارت کے ریاستی جبر و تشدد کا نوٹس لیں، مظلوم کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد یقینی بنا نے کیلئے عالمی برادری پر دباؤ بڑھائیں اور ان ممالک کے حکمرانوں کا ضمیر جگائیں ۔ یوم کشمیرکے حوالے سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہپاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کے آئے روز قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالی پر گہری تشویش ہے کیونکہ پاکستانی اور کشمیری عوام مذہبی، ثفافتی، تاریخی اور نظریاتی طور پر ایک مضبوط زنجیر میں بندھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد ہے جسے کسی صورت میں دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کوکامیاب بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کر یں بین الاقوامی برادری کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کی ایک کڑی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی کی بد ترین مثال ہے جبکہ اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو جائز حق دینے کا با قاعدہ یقین دلایا ہے۔ مگر افسوس کہ مظلوم کشمیری عوام کی خواہشات کی تکمیل نہیں کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو ہر سطح پر سپورٹ جاری رکھیں گے۔