News Details

06/04/2018

کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی سے کاٹلنگ انٹر چینج تک سوات موٹروے کا 15 مئی کو افتتاح کرنے اور ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اجلاس میں کرنل شیر خان انٹر چینج صوابی سے کاٹلنگ انٹر چینج تک سوات موٹروے کا 15 مئی کو افتتاح کرنے اور ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سی پیک سٹی نوشہرہ کیلئے اراضی کا مسئلہ جلد حل کرنے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ذریعے تعمیر کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون امتیا ز شاہد قریشی، کمشنر پشاورشہاب علی شاہ، سلمان قیصرانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری ہاؤسنگ ، ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں صوبائی حکومت کے اپنے وسائل سے زیر تعمیر سوات موٹروے پر کام کی پیشر فت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر دن رات کی شفٹوں میں تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔کرنل شیر خان انٹرچینج سے کاٹلنگ انٹر چینج تک کام تکمیل کے مراحل میں ہے متعلقہ حکام نے یقین دلایا کہ آئندہ مئی کے وسط تک یہ حصہ ہر حوالے سے مکمل کرلیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 مئی 2018 کو کاٹلنگ انٹرچینج تک موٹروے کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ سوات موٹرو ے کے دیگر حصوں پر بھی کام تیز رفتاری سے جاری ہے ۔پہاڑ کی کٹائی ٹنل کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ ٹنل کے دونوں اطراف سے کٹائی کاکام شروع ہے اور بیشتر حصے کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے اور کنکریٹنگ بھی شروع ہے ۔علاوہ ازیں چکدرہ کے قریب ٹنل میں سٹیل کی تنصیب بھی جاری ہے ۔نوشہرہ پل کے حوالے سے بتایا گیا کہ پل کی پائل کیپنگ مکمل ہو چکی ہے اور لانچنگ شروع ہے تاہم بعض عارضی تجاوزات کو بروقت ہٹانے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں بھی روڈ وغیرہ پر کام شروع کیا جا سکے وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کو ہدایت کی کہ تجاوزات بیشک عارضی ہوں اُن کو ہٹا دیا جائے تاکہ کام میں رکاوٹ نہ بنے ۔ وزیراعلیٰ نے روڈ کے ساتھ فٹ پاتھ تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی اور 18 مئی کو پل کا افتتاح کرنے کا عندیہ دیا ۔ وزیراعلیٰ کودیگر سکیموں پر بھی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ نوشہرہ میڈیکل کالج کے تینوں بلاکس تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ ریگی ماڈل ٹاؤن کے زون تھری میں خوبصورت مسجد تیار ہو چکی ہے ۔اس موقع پر سی پیک سٹی نوشہرہ کے لئے زمین کو ایف ڈبلیو او کے قبضہ میں دینے اور اس سلسلے میں درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متعلقہ زمین کی بروقت منتقلی کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں جائیں تاکہ کمپنی اپنا کام شروع کرسکے ۔