News Details

02/04/2018

موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے خطیر وسائل خرچ کئے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے خطیر وسائل خرچ کئے ہیں ، جامعات کی دیرپا ترقی و بہتری کیلئے میرٹ پر وائس چانسلرز کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ہے کیونکہ قومی ترقی و خوشحالی کے مجموعی عمل میں تعلیمی ادارے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں جن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر محمد آصف خان سے تبادلہء خیالات کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری /کمشنر پشاور سید شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وائس چانسلر نے وزیر اعلیٰ کو جامعہ کی پراگرس اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ نے مسائل کی تفصیل تحریری صورت میں طلب کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ صوبائی محکموں کے ساتھ بات کریں گے اور مختصر وقت میں جس قدر ممکن ہو گا مدد کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت نے صوبائی بجٹ کا خطیر حصہ تعلیمی اداروں کی بحالی ، ان کی سٹینڈرڈائزیشن اور ماضی کی ناپید سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا ہے نئے کالجز اور یونیورسٹیاں تعمیر کی گئی ہیں ، تمام شعبوں کی فلاح و ترقی کیلئے بجٹ کی حقیقت پسندانہ تقسیم اور شفاف استعمال ان کی حکومت کا خاصہ ہے ۔ دوسری طرف یہ واحد حکومت ہے جس نے نہ صرف قابل عمل بلدیاتی نظام دیا بلکہ ترقیاتی بجٹ میں سے تیس ارب روپے بھی بلدیاتی حکومتوں کو دیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہمہ گیر چیلنجز کے باوجود صوبے کے ہر شعبے میں تبدیلی کی دیرپا بنیادیں رکھ دی ہیں ، قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے سب کو قومی جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے ہمیں اس ملک اور قوم کو آگے لے کر جانا ہے اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں تعلیمی نظام نے ہمیشہ بنیادی کردار ادا کیا ہے وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کے نئے وائس چانسلر ا س کی دیر پا ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔