News Details

23/03/2018

مارا تبدیلی کا ایجنڈا عوام میں ہردلعزیز ہوچکا جس کی وجہ سے ماضی میں حکمرانی کے مزے لوٹنے والے سیاستدانوں کو مستقبل کے سیاسی منظر نامے سے مسلسل بیدخل کیا جارہاہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں وقت کے ساتھ مسلسل اضافہ ہورہاہے ہمارا تبدیلی کا ایجنڈا عوام میں ہردلعزیز ہوچکا جس کی وجہ سے ماضی میں حکمرانی کے مزے لوٹنے والے سیاستدانوں کو مستقبل کے سیاسی منظر نامے سے مسلسل بیدخل کیا جارہاہے ہماری حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں نئے پاکستان کی بنیاد پڑ چکی ہے وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں شانگلہ کے حلقہ این اے 10 سے پی ٹی آئی کے سابق امیدوار نواز محمود شانگلہ کی زیرقیادت وفد سے بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیرمحمود خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ایڈیشنل جائنٹ سیکرٹری بریگیڈیر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے اپنی کابینہ کے دیگر ارکان اور حامیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا نئے شامل ہونے والوں نے عمران خان اور پرویز خٹک کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور صوبے سے کرپشن کے خاتمے، میرٹ کی بالادستی، گڈگورننس قائم کرنے اور غریب دوست اقدامات پر صوبائی حکومت کی تعریف کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مفادپرستی کی بجائے فرسودہ نظام کی اصلاح اور عوام کے بہتر مستقبل کیلئے کام کیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار آئی تو تمام ادارے کمزور بلکہ زبوں حالی کا شکار تھے حکومت میں طاقتور کو تحفظ حاصل تھا جبکہ غریب مکمل طور پر عدم تحفظ کا شکار تھا صوبائی حکومت نے نظام کی کمزوریوں پر پہلے توجہ دی اور اداروں کو مضبوط بنایا تمام محکموں کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا اور صوبے میں ریکارڈ اصلاحات اور قانون سازی کی گئی جس کے بہتر نتائج سامنے آنے اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہونے لگے یہی وجہ ہے کہ آج لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم و صحت ، پولیس ، پٹوار، مواصلات، صنعت و معیشت اور ماحولیات و سیاحت کے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کئے اور ارکان اسمبلی سے لے کر تمام اداروں اور ملازمین کو عوامی خدمت کا پابند بنایا جس کے نتیجے میں عوام اب کافی بہتری محسوس کرنے لگے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے برعکس ماضی میں حکمرانوں نے عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ مار کا بازار گرم کیا صرف ٹمبر مافیا نے قوم کو 2 ارب روپے کا نقصان پہنچایا اور اتنی مالیت کے جنگلات کا بے دردی سے صفایا کیااور ماحولیات کو نقصان پہنچایا انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے ذریعے ایک ارب سے زائد درخت اُگائے گئے اور جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی لگائی گئی تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہو انہوں نے کہا کہ ہمارے اس انقلابی اقدام کو اندرون اور بیرون ملک بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور اقرباء پروری کو باقاعدہ حکومتی سطح پر فروغ دیا گیا جس نے نظام کی خرابی اور عوام کے مسائل میں اضافے کے علاوہ سیکورٹی کے مسائل پیدا کئے مگر ہم نے کرپشن کے سیلاب کے سامنے بند باندھا اور اس کی بیخ کنی کرکے دم لیا اور اسی وجہ سے پی ٹی آئی عوام کی ہردلعزیز جماعت بنی ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ارکان اسمبلی بھی عوامی فلاح و بہبود اور ترقی و خوبصورتی کے عمل میں مکمل طور پر شامل ہوچکے ہیں اور یہی ہماری حکومت کی خوبصورتی ہے۔