News Details

16/03/2018

آئمہ کرام کوماہوار اعزازیہ کے بلاتاخیر اجراء کیلئے سی جے اے کے مطابق شفاف اور آسان طریقہ وضع کیا جائے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئمہ کرام کوماہوار اعزازیہ کے بلاتاخیر اجراء کیلئے سی جے اے کے مطابق شفاف اور آسان طریقہ وضع کیا جائے، ماہوار اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے اکاؤٹنگ پروسیجر ضروری ہے جس کیلئے لوازمات کو تیز رفتاری سے حتمی شکل دی جائے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمٰن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی حکومت کے پلان کے مطابق صوبے کی جامع مساجد کے آئمہ کرام کوماہوار اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے طریقہ کار اور لوازمات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئمہ کرام کو سرکاری طور پر اعزازیہ کی ادائیگی کی صوبائی کابینہ منظوری دے چکی ہے۔ تنخواہوں کے باضابطہ اجراء کیلئے سی جے اے کے مطابق قابل عمل طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے ماہوار اعزازیہ ضلع وائز جاری کریں گے۔ ہم نے اس مجموعی عمل کو قانون کے عین مطابق اور دیرپا بنانا ہے تاکہ خوش اسلوبی کے ساتھ عمل در آمد یقینی ہو سکے۔ پرویز خٹک نے حکومت کے اس دین دوست اقدام کے خلاف بیان بازیوں کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی اور عوامی فلاح کے کاموں میں سیاسی مقاصد حائل نہیں ہونے چاہییں۔ہمارے معاشرے کی بد قسمتی ہے کہ بعض نام نہاد سیاستدان تنقید کو اپنا وطیرہ بنا لیتے ہیں۔ صوبائی حکومت کا یہ منصوبہ خالصتاً نیک نیتی اور دین کے خدمت گاروں کی فلاح پر مبنی ہے۔ سیاسی ملاؤں کو چاہئے کہ وہ اس منصوبے پر انگشت آرائی چھوڑ دیں آئمہ کرام بھی ہمارے معاشرے اور قوم کا حصہ ہیں، قومی اور عوامی فلاح کے خلاف بیان بازی مناسب نہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ سب کونیک کام کرنے کی توفیق ہو، انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بہت کچھ سیاست کی نذر ہو گیا، اب وقت آگیا ہے کہ قومی و عوامی فلاح کے معاملے میں سیاسی مقاصد سامنے نہیں آنے چاہییں۔