News Details

15/03/2018

سینٹ کے انتخابات میں ناکامی کے بعد مسلم لیگ ن کی پوری قیادت بوکھلاہٹ کا شکار

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں ناکامی کے بعد مسلم لیگ ن کی پوری قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ سینٹ کے انتخابات میں کامیابی کے دعوے کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی اور چھوٹے صوبوں اورمحروم طبقے کو نمائندگی ملی ۔یہ سب تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سوچ اور وژن کا مرہون منت ہے۔ پاکستان اور کرپشن اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے اورپاکستان مزید بحرانوں کامتحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت حال میں ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں قوم کے پاس موجود ہے۔ عوام اپنے باشعور ہونے کا ثبوت 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کردیں گے۔ انشاء اللہ چاروں صوبوں اور وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔ وہ تورڈھیر میں محمد ذاکر خٹک کی رہائشگاہ پر نوشہرہ پریس کلب کے صدرجہانزیب خٹک کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ کے موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ساجد خان خٹک، فہد خان خٹک،سرمد خٹک ایڈوکیٹ، میاں زر محمد ،عاصم خان خٹک،شہباز خان خٹک اور انکے خاندان نے تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔ تقریب سے سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر شہرام ترکئی،رکن قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی، سینٹر لیاقت خان ترکئی، رکن قومی اسمبلی عاقب اللہ خان، رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صوابی محستصم باللہ، ڈی پی او صوابی، خالدسہیل، جمشیدخٹک، برٹس پختون ایسوسی ایشن برطانیہ کے سیکرٹری جاوید اقبال یوسفزئی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجودتھیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نااہل وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینٹ انتخابات میں کامیابی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میں بیٹھ کر خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کوناکام کہنے والے آکر خود دیکھ لیں ان کو صوبے میں واضح تبدیلی نظر آجائے گی۔ دیگر صوبوں میں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام اور مثالی پولیس کی کاکردگی کوسراہا جارہا ہے۔صوبے میں انقلابی اقدامات اور ریفامرز لاکر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے صرف اپنی ذات کاسوچا ان کوعوام کی فلاح وبہبود سے کوئی سروکار نہیں تھا۔ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف اپنی تجوریاں بھرنا تھا۔ کسی نے پختون کے نام پر کسی نے روٹی کپڑا مکان کے نام پر کسی نے قائد اعظم اور کسی نے اسلام کے نام پر عوام کو دھوکہ دیکر ووٹ حاصل کیا ۔ مگر تحریک انصاف نے صوبے میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لائی اور عوام کی عزت نفس بحال کی۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی چاہتی ہے اسی لیے میں نے صوبے کے طول وعرض میں دورے شروع کررکھیں ہیں۔ تاکہ عوام کے مسائل سے آگاہ ہوسکیں اور کوئی بھی علاقہ ترقی سے محروم نہ رہ جائے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ قومی وسائل کو غریب عوام پر خرچ کیا جائے ۔یہی وجہ ہے کہ آج عوام صوبے میں تبدیلی کے ثمرات سے یکساں مستفید ہورہے ہیں۔انشاء اللہ 2018 کے عام انتخابات میں مخالفین کو عبرت ناک شکست دیں گے۔ پورے ملک میں تبدیلی کی ہوا چلنے لگی ہے۔ فتح تحریک انصاف کی ہوگی۔