News Details

14/03/2018

کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا نام بدنام ہوا ان کی وجہ سے ادارے خراب ہوئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا نام بدنام ہوا ان کی وجہ سے ادارے خراب ہوئے اور ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے عوام حق رکھتے ہیں کہ ان سے پوچھیں کہ ہمارے بچے تعلیم سے کیوں محروم ہیں اور ہمیں علاج کی سہولیتیں کیوں میسر نہیں اور تھانوں میں انصاف کیوں نہیں ملتا ان لوگوں کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کچھ نہیں ہم نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور میں ادارے بنائے ،کھنڈر نما سکولوں اور ہسپتالوں میں میرٹ پر عملہ بھرتی کیا اور پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور عوام کا خادم بنایا۔ وہ صوابی کے علاقے گندف میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جلسے سے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر تحصیل کونسل ٹوپی کے جمعیت علماء اسلام ) ف( کے کونسلر عرفان جدون، سابقہ ناظم امت خان جدون، سابقہ امیدوار پی پی پی ظہور احمد اور سابقہ کونسلر سلطان اکبر نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں کرپٹ اور چور حکمران بنے جنہوں نے رشوت، کرپشن اور کمیشن کے ذریعے ملکی وسائل کو لوٹا اور عوام کی فلاح و بہبود کو پس پشت ڈالا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں سے ہمیں تباہ حال انفرسٹرکچر ملا، پولیس کو سیاسی مقاصد اور سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جاتا تھا میں خود اس نظام کا حصہ تھا لیکن جب عمران خان نظام بدلنے کے نعرے پر میدان میں آئے تو میں بھی ان کی طرف متوجہ ہوا عمران خان میرٹ کی بات کرتا ہے وہ اداروں کو آزاد بناکر عوام کے سامنے جوابدہ کرنے کی بات کرتا ہے ہم نے خیبر پختونخوا میں عمران خان کے خواب کو سچ کر دکھایا ادارے بنائے پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا سکول، کالجوں اور ہسپتالوں میں میرٹ پر بھرتیاں کیں عملے کی کمی پوری کی ہسپتالوں میں طبی آلات فراہم کئے ہمارے مخالفین نے جھوٹے وعدے کئے پختونوں کے نام سیاست کرنے والوں نے کرپشن کے ریکارڈ بنائیں اسلام کے نام پر اقتدار میں آنے والوں کو اسلام کیلئے ایک قانون بنانے کی توفیق تک نہیں ہوئی اس کے برعکس ہم نے سود کے خلاف قانون بنایا قرآن کی تعلیم لازمی کی ختم نبوت کو نصاب کا حصہ بنایا علماء کرام کیلئے وظائف کا اجرا کیا جس کو مولانا فضل الرحمن این جی اوز کی رقم کہتے ہے حالانکہ سب جانتے ہیں کہ یہ صوبے کے اپنے وسائل کی رقم ہے انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو قرآن کی تعلیم دلاکر ان کو سیاسی ملاؤں سے آزاد کرینگے اور ان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرینگے پرویز خٹک نے کہا کہ اگر ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے تو عمران خان کو لانا ہوگا عمران خان ہی ہمیں اس کرپٹ مافیا سے چھٹکارا دلاسکتا ہے عمران خان کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے ملک کے نوجوان عمران خان کے سپاہی ہیں اور نوجوان اپنے بزرگوں اور خواتین کو بھی اپنے ساتھ پی ٹی آئی میں لائینگے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گندف خوڑ کی تعمیر کا اعلان کیا۔