News Details
12/03/2018
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس ملک کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کررہے ہیں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس ملک کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کررہے ہیں، سینٹ کے چیئرمین کے لیے چھوٹے صوبے کے امیدوار کو نامزد کرنا ان کی سیاسی بصیرت کانتیجہ ہے اس سے نہ صرف بلوچوں کی محرومیاں کم ہوں گی بلکہ پاکستان کی سیاست اہم موڑ میں داخل ہوگی اوران فیصلوں کامستقبل کی سیاست پر بھی گہرا اثر پڑے گا۔ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ پاکستان کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہیں اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے اور چاروں صوبوں سمیت وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ہمیں اپنی ذات کے حصار سے نکل کر قومی سوچ اور نظریے کو فروغ دینے اور مفاد پرست سیاسی اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ اپنے اسلاف کی تعلیمات اور نظریات کے مطابق حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ممکن ہو سکے بد قسمتی سے یہاں ہر کوئی اپنی ڈگر پر رواں ہے ملک کو ٹھیک کرنے کی سوچ نا پید ہو چکی ہے گذشتہ کئی دہائیوں سے اقتدار کے ایوانوں پر قابض سیاسی مجرموں نے آئینی اور سماجی خدمات کے اداروں کو پامال کیا ۔ کرپٹ اشرافیہ خود کو مطلق العنان سمجھتا تھا ذمہ داری اور جواب دہی کا عنصر انکی کتاب میں موجود ہی نہیں تھا واحد تحریک انصاف ہے جس نے لوٹ مار اور بدمعاشیہ کے خلاف جدوجہد شروع کی اور نظام کی تبدیلی کیلئے ملک گیر جدوجہد شروع کی، پاکستان میں قیادت کی تبدیلی ٹھہر چکی ہے آنے والے عام انتخابات اس سلسلے میں فیصلہ کن ثابت ہونگے ، با شعور عوام خصوصاً نوجوان اشرافیہ کے جھوٹے دعوؤں اور دوغلے نعروں پر اعتماد نہیں کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں کرپشن اور ملک دشمن عناصر کا صفایا کرکے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوشحال خان خٹک میموریل ہال اکوڑہ خٹک میں جشن خوشحال کی تقریب اور خاورئی روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد ویلج کونسل خاورئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل ، ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم پی اے ادریس خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان خیبر پختونخوا محمد ریاض خٹک ، وزیر اعلیٰ شکایت سیل کے چیئرمین حسین احمد خٹک اور دیگر رہنماؤں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور محمد ریاض خٹک نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ سینٹ کے چیرمین کے لیے ہم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا ہے اور آج بھر پور قوت کا مظاہرہ کرکے سینٹ کے چیرمین کا الیکشن جیتیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے جشن خوشحال تقریب کے شاندار انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور رضاکارانہ ٹاسک فورس کو مبارکباد دی اور ادبی حلقوں سے وابستہ شخصیات میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں ۔انہوں نے پشتو زبان و ادب کے مشہور شاعر و ادیب خوشحال خان خٹک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے لیڈرز عطا کئے خوشحال خان خٹک ایک عظیم شاعر، جنگجو اور کمانڈر تھے آپ کا ہر شعر با مقصد ہے انہوں نے اپنی شاعری میں قوم کی نظریاتی تربیت کی ، آج ہمیں اپنی نئی نسل کو اپنے ادبی اور ثقافتی ورثے سے شناسا کرنے کی ضرورت ہے پرویز خٹک نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ خوشحال خان خٹک جیسے صاحب بصیرت اسلاف کے نظریات کو سمجھیں اور ذاتی سوچ سے نکل کر قوم کیلئے سوچیں اور اپنے مستقبل اور ملک کیلئے کھڑے ہو جائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان بڑی قربا نیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا جس کا مقصد ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا جس میں انصاف کی بالادستی ہو ، حقدار کو حق کی فراہمی ہو مگر بد قسمتی سے ہمارے بزرگوں کا یہ خواب ابھی تک پورا نہیں ہو سکا ، حکمرانوں کی مفاد پرستی اور لوٹ مار کی وجہ سے نہ صرف عوام مسائل کا شکار ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی بد نامی ہوئی اس شرمناک صورت حال سے نکلنے کیلئے ملک دشمن عناصر کے خلاف جدوجہد وقت کی ضرورت ہے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے مگر نا اہل حکمرانوں نے اسے تباہ کیا آج بھی اگر ایماندار قیادت آگے آئے تو ہمیں کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں وزیر اعلیٰ نے امریکہ ، برطانیہ، چین ، ملیشیاء اور دیگر ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس قوم کو بھی ایماندار لیڈر ملا ترقی اور خوشحالی اس کا مقدر بن گئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ واحد تحریک انصاف ہے جسکے پاس ملک و قوم کی فکر رکھنے والی قیادت موجود ہے موجودہ صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ساڑھے چار سال نظام کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں نظام کی شفافیت کیلئے بنائے گئے ہمارے قوانین اور اصلاحات سے ہر شعبے میں عوام مستفید ہو رہے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے عوام کو خدمات کی بلا امتیاز فراہمی یقینی بنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور معاشرے میں انصاف اور قانون کی بالادستی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہوتی ہے مگر ہمارے حکمرانوں نے کبھی بھی اپنی اس ذمہ داری کا احساس نہیں کیا ، تعلیم جیسے اہم ترین شعبے کو بھی سیاست کا نشانہ بنایا گیا پرائمری سکولوں میں چھ کلاسوں کیلئے ٹوٹے پھوٹے دو کمرے بنا کر غریب اور اسکے بچوں کا مذاق اڑایا گیا رشوت لیکر تھرڈ ڈویثرن میٹرک پاس اساتذہ بھرتی کئے گئے جسکے نتیجے میں ایک طرف عوام کا سرکاری سکولوں پر اعتماد اٹھ چکا تھا اور دوسری طرف ہمارا اعلیٰ ترین دماغ باہر منتقل ہونا شروع ہو گیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج شعبہ تعلیم میں واضح تبدیلی آ چکی ہے ، سیاسی مداخلت، اقرباء پروری اور رشوت خوری ماضی کا حصہ بن چکی ہے آج ایم اے ، ایم ایس سی اور ایم ایڈ نوجوان سسٹم کا حصہ بن رہے ہیں جو حکومت کی تعلیم دوستی کا واضح ثبوت ہے پرویز خٹک نے اس موقع پر صوبے بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انکی حکومت نے نظام کی تبدیلی کیلئے اصلاحات کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو بجلی ، پانی اور گیس کی سہولیات کی فراہمی اور مواصلات کا نظام بہتر کرنے کیلئے بھی معیاری اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹوٹا پھوٹا سٹرکچر ملا تھا سابق حکمران اپنی شکم سیری میں مصروف تھے جنہوں نے کمیشن لے کر دو نمبر عمارتیں کھڑی کیں اور عوام کے پیسے سے اپنی جائدادیں بنائیں موجودہ حکومت کے زیادہ تر وسائل ماضی کے تباہ حال سٹرکچر کو ٹھیک کرنے پر خرچ ہوئے ا نہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی کاموں کے معیار کا ماضی سے موازنہ کریں تو زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے مگر اسی صوبے کے سینکڑوں دیہات گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس پر پیداگیر سیاستدانوں نے کبھی توجہ نہیں دی یہ واحد تحریک انصاف ہے جس نے صوبے اور غریب عوام کے حقوق کے لئے تین سال متواتر جدوجہد کی۔ صوبے کے حق کے طور پر سو ملین مکعب فٹ گیس وفاق سے حاصل کی جس سے سستی بجلی پیدا کرکے کارخانوں کو دی جائے گی اور دوسری طرف عوام کو گیس کی فراہمی کیلئے بھی نوشہرہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں کام شروع ہے وزیر اعلیٰ نے عوام سے کہا کہ وہ پروپیگنڈوں پر دھیان نہ دیں گیس فراہمی سکیموں کے تحت پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں صوبائی حکومت نے وسائل فراہم کردیئے ہیں چونکہ یہ محکمہ وفاق کے پاس ہے اسلئے وہ اپنے طریق کار کے تحت کام کر رہا ہے ۔