News Details

25/02/2018

ایشائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ کے افتتاح پر دو مہینے تک اہل پشاور کو سفری سہولیات مفت مہیا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ایشائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ کے افتتاح پر دو مہینے تک اہل پشاور کو سفری سہولیات مفت مہیا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت بینک بی آرٹی ٹرا نسپورٹ کمپنی ٹرانس پشاور کو الگ سبسڈی دے گی اور پشاور کے شہری دو مہینوں تک رپیڈ بس میں مفت سفر کرسکیں گے ۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے معمولی ردو بدل اور نظر ثانی کے بعد ڈیزائن کی حتمی منظور ی سے پشاور ریپڈ بس ٹرنزاٹ پر کام زیادہ تیزی سے شروع اور وقت سے پہلے مکمل کردیا جائے گا اور اس طرح پچھلے چند روز کے سست رفتار کام کی کسر منصوبے کے تمام حصوں پر دن رات کام کے ذریعے پوری کردی جائے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی اطمینا ن کا اظہار کیا کہ منصوبے کے تمام ریچز اور دیگر حصوں میں درپیش فنی مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں جس کی بدولت اب مین روٹ کے گرد جرسی بیریر اور جنگلوں کی بھرائی کاکام بھی فوری شروع کرکے تیز رفتاری سے مکمل بھی کردیا جائے گا۔انہوں نے منصوبے کیلئے بسز فراہم کرنے والی کمپنی کوشیڈول کے مطابق 100 جدید بسوں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی کیونکہ کام میں تیزی کی وجہ سے منصوبے کی جلد تکمیل ہونے کو ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بی آر ٹی کے مین روٹ پر پرانی بسوں کو سکریپ اور تلف کرنے کا کام اُس وقت شروع کیا جائے جب مین روٹ پر جدید بسوں کا افتتاح ہو جائے ا ور شہری اس سے مستفید ہونا شروع ہوں۔ وزیراعلیٰ نے بس مالکان کو پرانی بسوں کے معاوضے اور الاونسزکی ادائیگی کا شیڈول مشتہر کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس سہولت کا سب ٹرانسپورٹرز اور ملازمین کو علم ہو اور اس سہولت کا غلط فائدہ نہ اُٹھا یا جا سکے ۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بی آرٹی کے مختلف روٹس کے ڈیزائن اور بسوں کے شیڈول سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں منصوبے کے بڑے مالی ادارے ایشائی ترقیاتی بینک اور منصوبے کیلئے قرضہ مہیا کرنے والی ایک دوسری فرانسیسی ایجنسی اے ایف سی کے نمائندوں ، سینئر وزیر برائے بلدیات عنایت اﷲ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین حاجی دلروز خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ ہائے خزانہ ، ٹرانسپورٹ اور منصوبہ بندی کے سیکرٹریوں ، ایس ایس یو سربراہ ، ڈی آئی جی ٹریفک، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈی جی پی ڈی اے ، چیف ایگزیکٹیو ٹرانس پشاوراور ٹرانسپورٹ فراہمی وسکریپ انڈسٹری کے دیگر حکام اور ماہرین نے شرکت کی ۔شرکاء نے منصوبے کے ڈیزائن میں مطلوبہ ردوبدل کے بعد اس کی حتمی منظوری دی اور منصوبے کے مین روٹ کی تکمیل کے فوری بعد ریپیڈ بسز کی فراہمی اور اگلے مرحلے میں پرانی بسوں کی سکریپنگ کے عمل سے متعلق انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جرسی بیریر اور جنگلوں کی فلنگ کے ساتھ ہی مین روٹ کے دونوں اطراف میں سڑکوں کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے فوری طورپر صاف اور کشادہ بنایا جائے جبکہ افتتاح سے قبل جہاں جہاں رپیڈ بس روٹ مکمل ہو اُس پر بھی عام ٹریفک کی آمدورفت کی اجازت دی جائے تاکہ شہر میں بی آر ٹی کی وجہ پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل اب اختتام پذیر ہوں۔ انہوں نے منصوبے کیلئے ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت تین ہزار ملازمین کی بھرتی اور لائسنسنگ کا عمل بھی فوری پایہ تکمیل تک پہنچانے اور اس میں موجودہ ٹرانسپورٹ ملازمین کو ترجیحی بنیادوں پر کھپانے کی ہدایت کی۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ منصوبے پر کام تیز ہونے کے ساتھ ہی متعلقہ تمام اداروں کی طرف سے تعمیراتی کام کی دن رات مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنے۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پہلے دو ہفتوں کے دوران رپیڈ بسوں کی آمد کے ساتھ ہی اندرون شہر سات روٹس کودوگنا کردیا جائے گااور شہر میں غیر قانونی روٹس کا خاتمہ کرکے اندرون و بیرون شہر تمام بڑے رہائشی اور تجارتی علاقوں اور قصبوں و دیہات کیلئے بھی باضابطہ روٹ مقرر کر دیئے جائیں گے اس کے علاوہ نئے روٹ پرمٹ بھی جاری کئے جائیں گے جس سے سفری سہولیات میں اضافے کیلئے روٹ پرمٹس کی مد میں اضافی آمدن بھی ہو گی ۔اسی طرح تمام روٹ پرمٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے باضابطہ بنا دیئے جائیں گے اور موثر نگرانی کی وجہ سے روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیاں بھی نا ممکن بنا دی جائیں گی ۔اندرون شہر ریپڈ بسوں کے علاوہ دیگر تمام مسافر گاڑیوں کو جدید بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ مینجمنٹ اینڈ سکریپنگ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جس میں ٹرانس پشاور ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر ، ایکسائز و ٹیکسیشن ، موٹر وہیکل ایگزامنر ، وہیکل امیشن ٹیسٹنگ سنٹر اور ماحولیات کے افسران شامل کئے گئے ہیں۔ پلان کے تحت پرانی گاڑیوں کی مناسب درجہ بندی کے تحت نمبر مقرر کئے گئے ہیں اور اُسی کے مطابق مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے علاوہ ایک سال تک 30 ہزار روپے ماہوار الاونس بھی دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ پرانی گاڑیوں کو پنجاب کی طرح دیہات کے روٹس پر منتقل کرنے کی بجائے انہیں سکریپ اور تلف کرنے نیز نئی جدید گاڑیوں کی شمولیت سے پشاور کی ماحولیاتی بہتری بھی یقینی بنے گی جبکہ سکریپ کی الگ انڈسٹری بھی قائم ہو جائے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔