News Details

22/02/2018

حیات آباد ٹول پلازہ پر مال بردار گاڑیوں سے مقررہ شرح کے مطابق ٹول ٹیکس کی وصولی کی جائے

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور ترقیاتی ادارہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ حیات آباد ٹول پلازہ پر مال بردار گاڑیوں سے مقررہ شرح کے مطابق ٹول ٹیکس کی وصولی کی جائے اور اس ضمن میں نہ تو کوئی اضافی ٹیکس لیا جائے اور نہ ہی کسی کو بیجا تنگ کیا جائے کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت ٹرانسپورٹروں سمیت عوام کے تمام طبقوں کو ریلیف پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے انہوں نے خیبرپختونخوا میں ٹرانسپورٹ کے لائسنس تجدید کی فیس پنجاب کی نسبت زیادہ ہونے سے متعلق ایک عوامی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس کا فوری جائزہ لینے اور فیسوں پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی انہوں نے پشاور یونیورسٹی ٹاون کی کمرشلائزیشن سے متعلق قانون سازی کا مسودہ جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس کی صوبائی کابینہ سے بروقت منظوری لی جاسکے وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیراور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور حکام نے شرکت کی وزیراعلیٰ نے ٹول پلازہ کا ٹینڈر عمل زیادہ سے زیادہ شفاف اور حقیقت پسندانہ بنانے کی ہدایت کی اور یہ بھی واضح کیا کہ ٹول پلازہ سے دن میں ایک سے زیادہ دفعہ آمدورفت اور پھیرے لگانے والی مال بردار گاڑیوں کو 50 فیصد ٹول ٹیکس چھوٹ کی رعایت پر سختی سے عمل ہونا چاہئے اسی طرح ٹول پلازہ کے سوا کسی بھی دوسرے مقام پر گاڑیوں کو ٹیکس کیلئے نہ روکا جائے انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے عام سڑکوں اور بازاروں میں گاڑیوں کو ٹیکس کے بہانے روک کر لوگوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا ہے جس کا کسی بھی قیمت پر اعادہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی حکام نے وزیراعلیٰ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کا یقین بنایا نیز بتایا گیا کہ یونیورسٹی ٹاون کی کمرشلائزیشن کا مسودہ قانون حتمی شکل میں اگلے چند روز میں پیش کر دیا جائے گا۔