News Details
22/02/2018
ترقی یافتہ ممالک سی پیک کے حوالے سے منفی تاثراور پروپیگنڈے کا حصہ بننے کی بجائے اس کی کامیابی میں پورا تعاون کرینگے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے امید ظاہر کی ہے کہ ترقی یافتہ ممالک سی پیک کے حوالے سے منفی تاثراور پروپیگنڈے کا حصہ بننے کی بجائے اس کی کامیابی میں پورا تعاون کرینگے کیونکہ یہ پورے خطے کی ترقی پر مبنی گیم چینجر منصوبہ ہے جو پوری دنیا کو کاروبار، صنعت و معیشت کیلئے کھولنے کا باعث بنے گا اور اس سے پاکستان بالعموم اور خیبرپختونخوا بالخصوص ترقی کرے گا کیونکہ ہمارا صوبہ ون روڈ ون بیلٹ میں آتا ہے اور شارٹ کٹ روٹ ہونے کی وجہ سے سی پیک کی کامیابی کا ضامن صوبہ ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اپنے ٹھوس اقدامات کی بدولت یہاں قیام امن کے علاوہ معیشت اور کاروبار دوست پرکشش ماحول بنایا اور ملکی و غیرملکی سطح پر سرمایہ کاروں کا حکومت پر اعتماد بحال کیا گزشتہ چار سال کے مختصر عرصے میں صوبے سے بدعنوانی کے خاتمے ، اداروں کی بحالی اور بہترین طرز حکومت کو فرو غ دینے کیلئے تمام شعبہ جات میں قابل عمل اصلاحات کیں جس سے معاشرے کے کمزور و غریب طبقات کو خدمات کی بہترین فراہمی ممکن ہوئی ہے ۔اسی طرح صوبے میں ڈونرز اور سرمایہ کاروں کو مطلوبہ تعاون اور بھر پور سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کے منصفانہ استعمال کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا آسٹریلوی ہائی کمشنر نے تعلیم، صحت ، پولیس اور دیگر محکموں میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور بد عنوانی کے خاتمے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور اس سلسلے میں طویل المدتی حکمت عملی تشکیل دینے کے حکومتی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی طرف سے تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا مزید برآں انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت کے مختلف شعبہ جات خصوصاً صحت ، تعلیم، سیاحت ، پولیس، سیاحت اور سپورٹس کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات اور مستقبل کے پلان پر تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر مفصل تبادلہ خیال کیا وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے کی گئی کوششوں کو مزید مو ثر بنانے کیلئے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور اسے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے معاون قرار دیا ۔ انہوں نے لاکھوں افغان مہاجرین کے یہاں طویل قیام اور غیررجسٹرڈ مہاجرین کے قیام اور آمد ورفت کی جہ سے دہشت گردی اور جرائم میں اضافے سے متعلق صوبائی حکومت کے خدشات سے انہیں اگاہ کیا انہوں نے کہا کہ افغان بحیثیت مجموعی بڑی باصلاحیت قوم ہے مگر لاکھوں مہاجرین کی یہاں آمد پر انہیں اکیلا چھوڑا گیا اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے مناسب انتظام پر امریکہ سمیت پوری دنیا نے کوئی توجہ نہیں دی جبکہ ہمارے قلیل وسائل ہماری اپنی آبادی کیلئے بھی کم پڑتے ہیں گو کہ ہم نے افغان مہاجرین کی طویل عرصہ مہمان نوازی کی اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے پاک افغان بارڈر منیجمنٹ خطے میں دہشتگردی پر کنٹرول کا بہترین حل ہے جس میں آسٹریلیاسمیت پوری ترقی یافتہ دنیا کی معاونت درکار ہے وزیر اعلیٰ نے صوبائی حکومت کی ساڑھے چار سالہ کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حکومت نے عوامی اُمنگوں اور اُن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی سیاست کی جگہ بہترین طرز حکومت کو فروغ دیا ہے انہوں نے کہاکہ تمام صوبائی اداروں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سو سے زائد قوانین اور ترامیم عمل میں لائی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی اداروں کو اختیارات دے کر ان میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اختیارات حقیقی معنوں میں مقامی سطح تک منتقل کئے گئے ہیں اور ترقیا تی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو فراہم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے تمام تھانوں، ہسپتالوں اور سکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہترین پو لیسنگ اور تعلیم و تدریس کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں اور عملے کی تربیت کیلئے بین الاقوامی اداروں کی معاونت کو خوش آمدید کہیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صنعتی پالیسی کے تحت پرکشش مراعات دی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے میں وسائل کے منصفانہ اور نتیجہ خیز استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے جو خواہشمند ڈونرز اور سرمایہ کاروں دونوں کیلئے مثبت پہلو ہے۔