News Details

15/02/2018

ترقیاتی منصوبوں کے منافع میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد حصہ صوبے کیلئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں صوبائی حکومت اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے جوائنٹ ونچر کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے منافع میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد حصہ صوبے کیلئے لے رہے ہیں تاکہ صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط کیا جاسکے یہی منافع ماضی میں کرپٹ عناصر کی جیب میں جاتا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اُن کی حکومت صوبے میں سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے تحت صنعتکاری اور ترقیاتی منصوبوں میں بغیر سرمایہ کاری کے 10 فیصد منافع لے رہی ہے ۔فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن، چینی سرمایہ کارکمپنیوں اور دیگر متعدد بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ تا حال طے پانے والے معاہدوں میں اسی طریقے کار کو ترجیح دی گئی ہے۔ہم صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کے عمل کو با مقصد بنانا چاہتے تھے اور اس کے لئے بنیاد رکھ دی ہے تاکہ بیروزگار ی ختم ہو ،صوبہ ترقی کرے اور خوشحالی آئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منافع ماضی میں صوبے کی بجائے کرپٹ اشرافیہ کی اپنی جیبوں میں جاتا تھا ۔اگر ماضی میں اس منافع کے ملک کے مفاد میں استعمال کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہوتا تو ملک مقروض نہ ہو تا بلکہ کھربوں روپے قومی خرانے میں جمع ہوتے اور خوشحالی آتی مگر بدقسمتی سے ماضی میں اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی موجود نہیں تھی ۔انہوں نے کہاکہ بغیر سرمایہ کاری کے صوبے کیلئے منافع میں حصہ لینے اور اس فارمولے پر سرمایہ کاروں کے اتفاق کے پیچھے موجودہ صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی ہے ۔ہم نے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی ہیں اور ہر قسم کی سہولت کی یقین دہانی کرائی ہے۔کرپشن کا راستہ بند کرکے ایک شفاف طریقہ کار وضع کیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ممکن ہو ئی ۔آج دُنیا بھر سے سرمایہ کار خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری کیلئے دوڑے دوڑے آر ہے ہیں۔ سی پیک نے صوبے میں سرمایہ کاری کا راستہ مزید آسان کردیا ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے مجموعی عمل میں صوبے کے مفاد کو ترجیح دے رہی ہے جو خوشحالی اور ترقی کی طرف عملی قدم ہے ۔