News Details

13/01/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خیبر پختونخواا نفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت جاری یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام (ڈیجیٹل سکلزفار آل) کولاکھوں نوجوانوں تک توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خیبر پختونخواا نفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت جاری یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام (ڈیجیٹل سکلزفار آل) کولاکھوں نوجوانوں تک توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے صوبے کی آبادی کا ساٹھ فیصد تیس سال سے کم نوجوانوں پر مشتمل ہے جس نے مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے نوجون نسل کی مناسب تعلیم و تربیت اور فلاح کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے اور موجودہ صوبائی حکومت اپنی یہ ذمہ داری ایمانداری کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا اور پاکستان بھر کے نوجوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوانوں نے عمران خان کے تبدیلی کے نعرے کا بھرپور ساتھ دیا جس کی وجہ سے آج ہم خیبر پختونخوا میں ایسا فول پروف سسٹم دینے میں کامیاب ہوئے ہیں جس میں صوبے کا وزیر اعلیٰ بھی مداخلت نہیں کر سکتا۔ہم خیبر پختونخوا میں نظام کی تبدیلی کیلئے چار سالہ کامیاب کاوشوں اور تجربے کی بنیاد پر یقین سے کہتے ہیں کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر انتظام نشتر ہال پشاور میں یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے ٹرینرز میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، صوبائی وزیر برائے صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان اور کنسلٹنٹ آئی بورڈ ابوبکر علوی نے بھی تقریب سے خطاب کیا،جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی محمود جان، معراج ہمایون، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی زیدی، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی داؤد خان اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کو یوتھ کیلئے آئی ٹی بورڈ کا بہترین کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے اس وقت 40ہزار نوجوان لڑکے اور لڑکیاں گھر بیٹھ کر کما رہے ہیں صوبائی حکومت اس پروگرام سے مزید لاکھوں نوجوانوں کو مستفید کرنے کیلئے پر عزم ہے۔نوجوان ہماری طاقت اور قوم کا مستقبل ہیں صوبائی حکومت نے ہر شعبے اور ہر محکمے میں با شعور نوجوانوں کیلئے مواقع تخلیق کئے ہیں صوبے کے ہر محکمے میں آئی ٹی کو فروغ دیا جا رہا ہے نوجوانوں کو ٹیوٹا کے چار مراکز میں ڈیجیٹل سکلز کی ٹریننگ دی جا رہی ہے جس کی دیگر مراکز تک بھی توسیع دینے جا رہے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان تبدیلی کے عمل میں اگر عمران خان کا ساتھ نہ دیتے تو آج خیبر پختونخوا میں بھی وہی بد عنوان نظام ہم پر مسلط ہوتا جس کے تحت مفاد پرست سیاستدانوں نے اپنی باریاں مقرر کی ہوئی تھیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ وہ پاکستان کو ایک ویلفیئر سٹیٹ دیکھنا چاہتے ہیں جس کی عملی بنیاد ہم خیبر پختونخوا میں رکھ چکے ہیں اسلام بھی ہمیں ایک ایسی فلاحی ریاست کا درس دیتا ہے جس میں سب کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر ہوں غریبوں کا مفت علاج ہو، انصاف اور میرٹ کی بالادستی ہو، حقدار کو حق ملے اور شہریوں کو روزگار کے با عزت مواقع میسر ہوں مگر بد قسمتی سے پاکستان میں حکومتوں نے کبھی بھی اپنی ذمہ داری کا احساس نہیں کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں خیبر پختونخوا میں ٹوٹا پھوٹا سٹرکچر ملا تھا ، بغیر استاد کے سکول، ڈاکڑز اور مشینری کے بغیر ہسپتال، کرپٹ ترین پولیس اور رشوت سے تباہ حال دفاتر ملے حکمران آتے جاتے رہے انکے پاس اداروں کی بحالی اور عوام کی فلاح کا مقصد تھا نہ پروگرام اور نہ منشور۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جس نے عوام کی آسانی کیلئے اپنے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے اور اداروں کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح لیڈر کی سوچ ہوتی ہے وہی سوچ نیچے کارکنوں اور اداروں میں سرایت کرتی ہے ہمارے لیڈر کی سوچ بلند تھی اس نے ہمیں ایک وژن دیا جس پر ہم نے عمل کیا اور خیبر پختونخوا میں صیحح معنوں میں عوامی حکمرانی کی بنیاد رکھی وزیر اعلیٰ نے آئی بورڈ خیبر پختونخوا کو یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ ہر ادارے کو سپورٹ کیا ہے جس ادارے نے بھی قابل عمل پروگرام دیا اس پر عملدرآمد کیلئے وسائل مہیا کئے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ ہم ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جو ڈیلیور کر سکے۔قبل ازیں عمران خان اور پرویز خٹک نے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے ٹرینرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔