News Details

12/01/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کی آمدن اور محصولات میں اضافے کیلئے کارکردگی میں واضح بہتری لائیں ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کی آمدن اور محصولات میں اضافے کیلئے کارکردگی میں واضح بہتری لائیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک عوام کے ٹیکس سے چلتے ہیں اور اسی سے اقوام کی ترقی اور خوشحالی وابستہ ہوتی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے تمام مالیاتی ادارے ٹیکس بڑھانے اور عوام پر مالی بوجھ ڈالنے کی بجائے وصولیوں کی شرح میں اضافے پر توجہ دیں گے تاکہ ایک طرف حکومتی آمدن میں کمی نہ ہو اور مالی صحت برقرار رہے تو دوسری طرف نئے ٹیکس لگانے کی ضرورت بھی نہ پڑے انہوں نے ہدایت کی کہ عوام میں ٹیکس کلچر اور انکے فوائد پر شعور اجاگر کرنے کیلئے محکمہ اطلاعات کی معاونت سے مؤثر کمیونیکیشن سٹریٹجی بنائی جائے ۔وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں کیپرا کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید الدین کاکا خیل، سیکرٹری ایکسائز جاوید خان مروت، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید، کیپرا کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں اتھارٹی کے دائرہ اختیار اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے ۔ پرویز خٹک نے محکمہ ہائے خزانہ، ایکسائز وٹیکسیشن اور قانون سمیت تمام مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر کام کریں اور ایک دوسرے کے معاملات اور اختیارات میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کریں کیونکہ اس سے صورتحال میں بہتر ی کی بجائے مزید پیچید گیاں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کو صوبے کے مختلف علاقوں سے کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس کی شکایات ہنگامی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ کیپرا سمیت صوبے کی تمام اتھارٹیز اور بورڈز کی کارکردگی اور آڈٹ رپورٹس کابینہ اجلاسوں میں با قاعدگی سے پیش کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیپرا اس بات کو یقینی بنائے کہ محصولات کی شرح میں نمایاں اضافہ ہو، ہر سطح پر شفافیت کو فروغ ملے اور کرپشن و رشوت خوری کے تمام چور دروازے بند ہوں انہوں نے اتھارٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 200سے زائد افسران کی بطور ود ہولڈنگ ایجنٹس ٹریننگ، ڈیسک آڈٹ کا طریقہ کار متعارف کرنے اور اس طرح کی دیگر اصلاحات کا عمل مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی انہوں نے اتھارٹی کو نئے افسران اور اہلکاروں کی بھرتی کا مرحلہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔